امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو تیسری مرتبہ بم سے اڑانے کی دھمکی

تازہ خبر فلمی قومی

امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو تیسری مرتبہ بم سے اڑانے کی دھمکی
ممبئی پولیس اور سکیورٹی ادارے ہائی الر ٹ
ممبئی:۔12/نومبر
(انٹر نیٹ ڈیسک)

بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو ایک مرتبہ پھر بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران یہ تیسرا واقعہ ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو چوکس کردیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کسی نامعلوم شخص نے ای میل کے ذریعہ دھمکی آمیز پیغام روانہ کیا، جس میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ کے علاوہ ممبئی میئر کا دفتر، بینکوں، عدالت، مہالکشمی ریس کورس اور ممبئی ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

دھمکی موصول ہونے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے متعلقہ مقامات اور اطراف کے علاقوں کی تلاشی لی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔ دوسری جانب سائبر کرائم تفتیش کار دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے شخص کی شناخت اور اس کے مقام کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 23 اکتوبر کو بھی اسی نوعیت کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی۔ اس وقت امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ کے ساتھ باندرہ کرلا کامپلیکس میں واقع ایک اسکول کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ای میل میں 31 اکتوبر سے 27 نومبر کے درمیان جلسہ پر حملے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا، جس کے بعد امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔اسی طرح رواں ماہ 6 نومبر کو موصول ہونے والی ایک اور دھمکی آمیز ای میل میں مہالکشمی ریس کورس، بمبئی اسٹاک ایکسچینج اور امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کا ذکر کیا گیا تھا۔

تین ہفتوں کے مختصر عرصے میں مسلسل تیسری مرتبہ اس طرح کی دھمکی موصول ہونے سے ممبئی کے اہم مقامات کی سکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور متعلقہ ادارے چوکس ہوگئے ہیں۔ حکام کی جانب سے دھمکیوں کی حقیقت اور ای میل بھیجنے والے شخص کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔