سابق صدر ملت اسلامیہ جگتیال محمد یوسف آزاد کا انتقال
شہر میں رنج و غم کی لہر
جگتیال، 14 نومبر
( زین نیوز)
شہر جگتیال کی ایک ممتاز سماجی و ملی شخصیت، سابق صدر ملت اسلامیہ بی اے ایل ایل بی جگتیال اور سابق میونسپل وائس چیئرمین جناب محمد یوسف آزاد صاحب کا آج رات 8:30 بجے قلب پر حملے کے باعث انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 76 سال تھی۔ شام کے وقت قلب پر حملے کے بعد انہیں جگتیال کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔
ان کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی شہر کی عوامی، سماجی اور ملی حلقوں میں رنج و الم کی لہر دوڑ گئی۔مرحوم محمد یوسف آزاد اپنی بے باکی، جرأت مندانہ اندازِ گفتگو اور قوم و ملت کے تئیں غیر معمولی جذبے کے لیے معروف تھے۔ زمانۂ طالب علمی ہی سے ان کے اندر ملی خدمت کا جذبہ نمایاں تھا۔آج کی نوجوان نسل شاید ان کی خدمات اور جدوجہد سے پوری طرح واقف نہ ہو، لیکن بزرگوں کو بخوبی یاد ہے کہ ملت کو جب بھی کسی آزمائش اور مشکل صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا، محمد یوسف آزاد نے غیر معمولی جوانمردی اور پامردی کا مظاہرہ کیا۔
ایک وقت ایسا بھی آیا جب جگتیال میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ ان نازک حالات میں یوسف آزاد لاٹھی لے کر تنہا مختلف مسلم محلوں میں گشت کرتے اور حالات پر نظر رکھتے ہوئے عوام میں حوصلہ اور تحفظ کا احساس پیدا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ مسلم معاشرے میں رائج بعض بدعات، غیر ضروری رسم و رواج اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھی انہوں نے انفرادی طور پر مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی یہ خدمات اور ملت کے لیے انجام دی گئی بے لوث کوششیں آج بھی بزرگوں کے حافظے میں محفوظ ہیں۔
انہوں نے صدر ملت اسلامیہ جگتیال کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے ملت کے اجتماعی مسائل اور فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ دو مرتبہ مونسپل کونسلر ‘ ایک مرتبہ میونسپل کو آپشن ممبر اور میونسپل وائس چیئرمین کی حیثیت سے بھی انہوں نے عوامی خدمات انجام دیں۔ ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو حق گوئی، بے باکی اور ملی معاملات میں سرگرم حصہ داری تھا۔ ان کے انتقال سے شہر نے ایک سرگرم سماجی و ملی رہنما کھو دیا ہے۔انھوں نے اپنی ساری زندگی سادگی سے گزاری۔مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر جامع مسجد جگتیال سے متصل میدان میں ادا کی گئی، جس کی امامت جامع مسجد کے امام و خطیب مفتی نوشاد علی اویس قاسمی نے فرمائی۔ بعد ازاں مرحوم کی تدفین مسجدِ مقبرہ سے متصل قدیم قبرستان میں عمل میں آئی۔ نمازِ جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کو آخری وداع کیا۔
