سونیا گاندھی پر نامناسب پوسٹ کرنے پر کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج
سونیا گاندھی کے بارے میں مبینہ اشتعال انگیز تبصروں پر شکایت
نئی دہلی، 14 نومبر
( انٹرنیٹ ڈیسک)
ہماچل پردیش پولیس نے گاندھی خاندان سے متعلق سوشل میڈیا پر مبینہ اشتعال انگیز پوسٹس کرنے کے معاملے میں بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اور فلم اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ کارروائی شملہ کے ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کی شکایت پر کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کنگنا کے تبصرے عوامی امن و امان اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرسکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شملہ کے رہنے والے ریٹائرڈ کیپٹن اتل شرما نے جمعہ 13 نومبر کو پولیس میں باضابطہ شکایت درج کروائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے کنگنا رناوت کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعات(b) 196(1)، 353(2) اور(2) 356کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
شکایت کنندہ کے مطابق کنگنا رناوت نے 10 نومبر کو اپنے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے متعدد پوسٹس شیئر کی تھیں، جن میں گاندھی خاندان کے بارے میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور گمراہ کن باتیں کہی گئی تھیں۔ ان پوسٹس میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی، ان کے بیٹے سنجے گاندھی اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اموات کا حوالہ بھی دیا گیا تھا۔
شکایت میں خاص طور پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کے لیے مبینہ طور پر ’پُراسرار غیر ملکی شہری‘ کی اصطلاح استعمال کرنے پر اعتراض کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ کنگنا نے اپنی پوسٹس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ سونیا گاندھی خاندان میں اس وقت داخل ہوئیں جب اس کے افراد یکے بعد دیگرے فوت ہوئے اور بالآخر انہیں حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کا موقع مل گیا۔
ان تبصروں کے ساتھ مبینہ طور پر ’کتنی سہولت سے‘ کے الفاظ بھی استعمال کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سنجے گاندھی کی موت کے بعد مینکا گاندھی کو گھر سے نکالے جانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ بیانات محض سیاسی تنقید کے دائرے میں نہیں آتے بلکہ ان کے ذریعہ گمراہ کن اور اشتعال انگیز بیانیہ پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے مواد سے عوام میں مخالفت اور دشمنی کے جذبات پیدا ہونے، سماجی ہم آہنگی متاثر ہونے اور مختلف طبقات کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں بھی کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر سونیا گاندھی کی جانب سے 1983 میں ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کے وقت اور ان کے سیاسی عروج پر سوالات اٹھاتے ہوئے تنقید کی تھی۔دوسری جانب ہماچل پردیش پولیس نے شکایت کی بنیاد پر باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں اور کنگنا رناوت کے خلاف عائد کردہ الزامات اور سوشل میڈیا پوسٹس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پولیس تحقیقات کے بعد ہی معاملے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

