سونیا گاندھی کی کتاب پر پابندی لگانے شیوسینا کا مطالبہ
پریس کانفرنس میں صفحات پھاڑ ڈالےساورکر اور مراٹھی شناخت کی توہین کا الزام
ممبئی:۔18/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی نئی کتاب ’’بیلونگنگ اے جرنی آف لو‘‘ (Belonging: A Journey of Love) پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بدھ کے روز ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کتاب کے صفحات پھاڑ دیے۔ شیوسینا نے الزام عائد کیا کہ کتاب میں مجاہد آزادی ونائک دامودر ساورکر اور مراٹھی شناخت کی توہین کی گئی ہے۔ دوسری جانب آندھرا پردیش کی وائی ایس آر کانگریس اور تلنگانہ کی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے بھی کتاب کے مندرجات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
شیوسینا کی رہنما شائنا این سی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی نے ساورکر کو ہندوتوا کا علیحدگی پسند قرار دے کر ان کی توہین کی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سونیا گاندھی کو ساورکر کے کردار اور خدمات پر فیصلہ سنانے کا کیا اختیار ہے؟ شائنا این سی کے مطابق ساورکر نے ہندوستان کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے انڈمان کی سیلولر جیل (کالا پانی) میں 11 سال گزارے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے ساورکر کا احترام کرتے تھے اور انہیں ہندوتوا کی روح قرار دیتے تھے۔شائنا این سی نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کے عوام ساورکر کی توہین کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کتاب کے ناشر ہارپر کولنز سے مطالبہ کیا کہ کتاب کے صفحات 201 اور 443 کو حذف کیا جائے۔ شیوسینا نے کتاب کی اشاعت پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب وائی ایس آر کانگریس کے تروپتی سے رکن پارلیمنٹ مدیلا گرو مورتی نے بھی سونیا گاندھی کی کتاب پر اعتراض کرتے ہوئے سوال کیا کہ اس میں آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی (وائی ایس آر) کی خدمات اور کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر نے اپنی پد یاترا کے ذریعہ ریاست میں کانگریس کو مستحکم کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2004 اور 2009 کے انتخابات میں پارٹی کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی اور مرکز میں متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت کے قیام میں بھی مدد ملی۔وائی ایس آر کانگریس کی ناراضگی کے پس منظر میں کانگریس اور وائی ایس آر خاندان کے درمیان دیرینہ سیاسی اختلافات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
وائی ایس آر کی 2009 میں موت کے بعد ان کے فرزند وائی ایس جگن موہن ریڈی کے کانگریس قیادت سے اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے 2011 میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائم کی تھی۔ادھر بی آر ایس کے کارگزار صدر اور تلنگانہ کے سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے بھی سونیا گاندھی کی کتاب میں تلنگانہ کا ذکر نہ ہونے پر اعتراض کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سونیا گاندھی کے دل میں تلنگانہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کی کتاب میں ریاست کا نام تک شامل نہیں کیا گیا۔ اس بیان کے بعد کتاب کے حوالے سے تلنگانہ کی سیاست میں بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ سونیا گاندھی نے پیر کے روز نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران اپنی کتاب ’’بیلونگنگ اے جرنی آف لو‘‘ کی رونمائی کی تھی، جس میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی، کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وایناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔ اس تقریب میں تمل ناڈو، ہماچل پردیش، تلنگانہ، کیرالہ اور کرناٹک کے چیف منسٹرس نے بھی شرکت کی تھی۔
کتاب 10 نومبر کو منظر عام پر آئی تھی۔کتاب میں آر ایس ایس اور ساورکر سے متعلق تبصرےسونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں آر ایس ایس کے نظریات اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے ان نظریات سے اختلاف کا بھی ذکر کیا ہے۔ کتاب کے مطابق اندرا گاندھی کی آر ایس ایس کی سیاست سے ناراضگی کا تعلق ہندوستان کی تحریک آزادی کے دوران اس کے کردار سے تھا۔
سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ جب کانگریس قائدین برطانوی حکومت کے مظالم کا سامنا کررہے تھے اور جیلوں میں قید کیے جارہے تھے، اس وقت آر ایس ایس کے نظریاتی رہنما ونائک دامودر ساورکر نے انگریز حکام کو رحم کی درخواستیں روانہ کی تھیں۔
انہوں نے بعض آر ایس ایس ارکان پر برطانوی حکام کے لیے مخبری کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔کتاب میں مزید کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس کانگریس اور اس کے نظریات کو ہندو قوم کے قیام کی راہ میں رکاوٹ سمجھتی تھی، جبکہ اس نظریے میں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو دوسرے درجے کے شہری تصور کیے جانے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی کے مطابق آر ایس ایس کے بعض نظریاتی رہنماؤں نے اپنی تحریروں اور تقاریر میں ہٹلر اور اقلیتوں کے خلاف اس کی پالیسیوں کی تعریف کی تھی۔
سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ اندرا گاندھی کو اندیشہ تھا کہ اس طرح کے نظریات ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل اندرا گاندھی کو اس مشکل صورت حال کا سامنا تھا کہ آیا وہ فرقہ پرست اور دائیں بازو کی طاقتوں سے ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے مستعفی ہوجائیں یا کوئی سخت فیصلہ کریں۔
سونیا گاندھی کی کتاب کے ان مندرجات پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سامنے آنے والے اعتراضات کے بعد یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ شیوسینا کے احتجاج، وائی ایس آر کانگریس کے اعتراضات اور بی آر ایس کے ردعمل نے کتاب کی اشاعت کو محض ادبی سرگرمی کے بجائے ایک سیاسی تنازع کی شکل دے دی ہے۔

