تعلیمی خدمات کے اعتراف میں محمد اسماعیل خان کو حکومتِ تلنگانہ کی توصیفی سند

تازہ خبر تلنگانہ

تعلیمی خدمات کے اعتراف میں محمد اسماعیل خان کو حکومتِ تلنگانہ کی توصیفی سند

سبکدوشی کے موقع پر اعزاز، دوستوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار

جگتیال:۔22/نومبر

(زین نیوز)

ضلع جگتیال کے منڈل جگتیال رورل کے موضع پولاسہ میں واقع سرکاری ہائی اسکول (اردو میڈیم) میں سماجی علوم کے اسسٹنٹ ٹیچر کی حیثیت سے طویل عرصے تک گراں قدر تعلیمی خدمات انجام دینے والے محمد اسماعیل خان کو ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں محکمہ تعلیم حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے توصیفی سند سے نوازا گیا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ توصیفی سند میں محمد اسماعیل خان کی طویل، مخلصانہ اور مثالی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ وابستگی، دیانت داری، شفقت اور طلبہ کے تئیں خلوص و محبت کا اعتراف کیا گیا۔ سند میں اس بات پر زور دیا گیا کہ استاد کا کردار صرف درس و تدریس تک محدود نہیں بلکہ وہ طلبہ کی زندگیوں کو سنوارنے، ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے اور نئی نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سبکدوشی کے موقع پر پیش کیا گیا یہ اعزاز محمد اسماعیل خان کی طویل تعلیمی خدمات کا اعتراف اور اساتذہ برادری کے لیے باعثِ افتخار ہے۔

اس موقع پر ان کے دوستوں نعیم الدین احمد، اظہر، واجد علی اور مجیب علی خان نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد اسماعیل خان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، لگن، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے سبکدوشی کے بعد ان کی زندگی خوشیوں، صحت، سکون اور کامیابیوں سے معمور رہنے کی دعا کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔