اشوک نگر کالونی کاماریڈی میں فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف عوامی احتجاج

تازہ خبر تلنگانہ

اشوک نگر کالونی کاماریڈی میں فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف عوامی احتجاج
،100 تا 300 مکانات متاثر ہونے کا اندیشہ
کاماریڈی، 21 نومبر
(سید کوثر علی کی رپورٹ)

کاماریڈی ضلع مرکز کے اشوک نگر کالونی میں فلائی اوور بریج کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کے خلاف مقامی عوام نے شدید احتجاج کیا۔ منڈل عہدیداروں کی جانب سے متاثرہ مکینوں کو نوٹس جاری کیے جانے پر کالونی کے باشندوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے مکانات کو منہدم کیے بغیر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔
مقامی افراد کے مطابق اس منصوبے کے تحت تقریباً 100 سے 300 مکانات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کالونی کے درمیان سے فلائی اوور کی تعمیر سے نہ صرف کئی خاندان بے گھر ہوں گے بلکہ علاقے کی ترقی بھی متاثر ہوگی۔ اس سلسلے میں منڈل عہدیداروں، سرپنچوں، ریونیو عہدیداروں اور ڈپٹی سرپنچوں کی جانب سے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
مکینوں نے بتایا کہ سال 2009 سے ہی اس منصوبے کے خلاف اپنی مخالفت درج کرواتے ہوئے متعلقہ حکام سے نمائندگی کی جا رہی ہے۔ اس مسئلے کو چیف منسٹر، ریاستی وزراء، مقامی عوامی نمائندوں اور قائدین کے علم میں بھی لایا گیا، لیکن اب تک کوئی مستقل حل برآمد نہیں ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں کہ اس مقام پر فلائی اوور کی تعمیر کے بجائے کوئی متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔
مرکزی حکومت سے بھی اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے مناسب اقدامات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔احتجاج کرنے والے کالونی کے مکینوں نے حکومت اور متعلقہ عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فلائی اوور کے منصوبے پر ازسرنو غور کیا جائے، متبادل راستہ تلاش کیا جائے اور مکانات کے انہدام سے متعلق اقدامات کو روک کر مقامی عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے۔