جگتیال بائی پاس پر بھیانک آتشزدگی، ناستک انٹرپرائزز کی عمارت کی بالائی منزلیں شعلوں کی زد میں*

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات

**جگتیال بائی پاس پر بھیانک آتشزدگی، ناستک انٹرپرائزز کی عمارت کی بالائی منزلیں شعلوں کی زد میں**

نارائنا ٹیکنو اسکول کے قریب اچانک بھڑک اٹھی آگ، فائر بریگیڈ کا عملہ قابو پانے میں مصروف،

جگتیال:۔22/نومبر

(زین نیوز)

 

شہر جگتیال کے بائی پاس روڈ پر اتوار کے روز بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جہاں نارائنا ٹیکنو اسکول کے قریب واقع ناستک انٹرپرائزز کی عمارت کی بالائی منزلوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کرلی اور عمارت سے بلند شعلے اٹھنے لگے، جس کے باعث اطراف کے علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ فائر بریگیڈ کے عہدیدار عمارت کی بالائی منزلوں میں پھیلی آگ کو بجھانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔

آتشزدگی کے باعث عمارت کے اطراف لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ تاہم آگ لگنے کی وجوہات، عمارت میں موجود سامان کو پہنچنے والے نقصان اور کسی جانی نقصان کے بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ فائر بریگیڈ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی واقعہ کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔