کورٹلہ کے مختلف لاج میں پولیس کی اچانک تلاشی، قیام کرنے والوں کی تفصیلات اور شناختی دستاویزات کی جانچ
کورٹلہ 22/نومبر
(زین نیوز)
شہر کورٹلہ کے مختلف لاج میں پولیس نے ہفتہ کی شام اچانک تلاشی مہم چلائی۔ کورٹلہ سرکل انسپکٹر کومّو تروپتی اور سب انسپکٹر جی شیام راج نے پولیس عملہ کے ہمراہ یہ کارروائی انجام دی۔
اس دوران لاجس میں قیام کرنے والے افراد کی تفصیلات، شناختی دستاویزات اور رجسٹرس کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ پولیس افسران نے لاج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ دیگر علاقوں سے آنے والے افراد کی مکمل تفصیلات اور شناختی دستاویزات لازماً درج کی جائیں۔ کسی بھی مشتبہ شخص کے قیام کا پتہ چلنے پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔
پولیس نے لاج انتظامیہ کو واضح کیا کہ کسی بھی صورت لاجس کو غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز نہ بننے دیا جائے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ان کی مدد کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
