Pune Murder

پونے کی عدالت کے باہر قتل کے ملزم پر جان لیوا حملہ، دونوں ہاتھ کاٹ دئیے

بین الریاستی تازہ خبر جرائم حادثات

پونے کی عدالت کے باہر قتل کے ملزم پر جان لیوا حملہ، دونوں ہاتھ کاٹ دئیے
واردات کی ویڈیو منظر عام پر، حملہ آور دو پہیہ گاڑیوں پر فرار‘ زخمی کی حالت تشویشناک
پونے:۔25/نومبر
(انٹر نیٹ ڈیسک)

Maharastra-N copyکے پونے کے شیواجی نگر عدالت کے باہر بدھ کو دن دہاڑے سنسنی خیز واردات پیش آئی، جہاں قتل کے ایک ملزم پر چھ افراد نے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے کلہاڑیوں سے اس پر پے در پے وار کرتے ہوئے اس کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے۔ واقعے کے دوران فائرنگ کی بھی اطلاع ہے۔ حملے کے بعد تمام ملزمان دو پہیہ گاڑیوں پر سوار ہوکر فرار ہوگئے۔

شدید زخمی شخص کی شناخت 35 سالہ مندار ماروتی کیوالے کے طور پر ہوئی ہے، جسے تشویشناک حالت میں ساسون اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق مندار بدھ کی دوپہر تقریباً ایک بجے قتل کے مقدمے کے سلسلے میں قانونی کارروائی کے لیے عدالت پہنچا تھا۔ اسی دوران حملہ آوروں نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے عدالت کے باہر اسے گھیر لیا اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔

واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دو افراد کو کلہاڑیوں سے مندار پر مسلسل وار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود مندار نے اٹھ کر چلنے کی کوشش کی، تاہم چند قدم چلنے کے بعد وہ فٹ پاتھ پر گر پڑا۔ خون میں لت پت مندار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے دو پستول اور ایک میگزین برآمد کیے ہیں۔ تاہم فائرنگ کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ آیا حملے کے دوران گولی چلائی گئی یا نہیں، اس کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔

پونے کے ڈی سی پی (کرائم) گوہر حسن نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر تقریباً 1:15 بجے فائرنگ اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔ عدالت کے احاطے میں تعینات پولیس عہدیداروں نے زخمی کو فوری طور پر ساسون اسپتال پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ چار سے پانچ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے اور کرائم برانچ کے ساتھ متعلقہ پولیس اسٹیشن کی ٹیمیں ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔

پولیس کے مطابق مندار ماروتی کیوالے اپریل 2025 میں پونے کے سنتوش نگر۔کٹراج علاقے میں 26 سالہ ریستوراں مالک شبھم سبھاش چوہان کے قتل کے مقدمے میں ملزم ہے۔ اس مقدمے میں امر ساکورے، گریش سبھاش بابرے اور یوگیش بابوراؤ ڈورے بھی ملزم ہیں۔

شبھم چوہان کو مبینہ طور پر زمین اور مالی تنازعہ کے باعث کرکٹ اسٹمپ اور بانس کی لاٹھیوں سے حملہ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ مندار اسی مقدمے میں جیل میں بند تھا اور واردات سے محض چار دن قبل رہا ہوا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ عدالت کے باہر اس پر کیا گیا حملہ سابقہ دشمنی اور اسی قتل کے مقدمے سے جڑا ہوا ہے۔

دریں اثنا، مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے پونے پولیس کمشنر امیتیش کمار سے فون پر بات کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات طلب کیں اور حملہ آوروں کا سراغ لگاکر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس مختلف زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور فرار حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ عدالت جیسے حساس مقام کے باہر دن دہاڑے پیش آنے والی اس واردات نے شہر میں سکیورٹی انتظامات اور پولیس کی موجودگی کے باوجود مجرمانہ سرگرمیوں پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں