TVK MLA Arul Vignesh

خاتون ضلع کلکٹر کو مبینہ نازیبا پیغامات، ٹی وی کے رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج

تازہ خبر قومی

خاتون ضلع کلکٹر کو مبینہ نازیبا پیغامات، ٹی وی کے رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج
مدراس ہائی کورٹ کی سخت ہدایت، آئی جی سطح کے افسر کی نگرانی میں تحقیقات 
چنئی:۔24 ؍نومبر
(انٹر نیٹ ڈیسک)

تمل ناڈو کے ضلع کلکوروچی کی خاتون ضلع کلکٹر کو مبینہ طور پر نازیبا اور قابل اعتراض پیغامات روانہ کرنے کے الزام میں تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) کے رکن اسمبلی سی ارول وگنیش کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ اطلاع ریاستی حکومت نے مدراس ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران دی۔ اس معاملے میں ایک خاتون وکیل کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر عدالت میں سماعت ہوئی۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ رکن اسمبلی نے خاتون ضلع کلکٹر کو واٹس ایپ کے ذریعے نازیبا پیغامات بھیجے اور ان کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ خاتون کلکٹر نے 23 نومبر کو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تحریری شکایت پیش کی، جس کے بعد آل ویمن پولیس اسٹیشن نے مقدمہ درج کیا۔

رکن اسمبلی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد افواہیں قرار دیا ہے۔سماعت کے دوران جسٹس وی لکشمی نارائنن نے معاملے میں کارروائی میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوامی عہدہ رکھنے والے کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جاسکتا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ چونکہ معاملے میں ایک رکن اسمبلی کا نام سامنے آیا ہے،

اس لیے تحقیقات سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے اعلیٰ سطح کے افسر کی نگرانی میں کی جائیں۔ عدالت نے آئی جی سطح کے افسر کو تحقیقات کی نگرانی کی ذمہ داری دینے کی بھی ہدایت دی۔عدالت نے کام کی جگہ پر خواتین کو جنسی ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے والے قانون (POSH Act) کے تحت داخلی شکایات کمیٹی تشکیل دینے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے واضح کیا کہ کمیٹی میں صرف آئی اے ایس افسران ہی نہیں بلکہ بیرونی اور آزاد ارکان کو بھی شامل کیا جائے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر خاتون افسر کے خلاف شائع کیے جانے والے مبینہ قابل اعتراض پیغامات اور پوسٹس کو ہٹانے کے لیے سائبر کرائم شعبہ کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

ہائی کورٹ نے تحقیقات کرنے والی ٹیموں کی تفصیلات اور شکایات کمیٹی کی تشکیل سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے مقدمے کی آئندہ سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔