شادی کی بارات میں چھریوں سے رقص، چار نوجوان گرفتار

تازہ خبر تلنگانہ

شادی کی بارات میں چھریوں سے رقص، چار نوجوان گرفتار
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کی کارروائی، چار چاقو ضبط
حیدرآباد:۔25/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)

شہرحیدرآباد کے علاقے ریتی باؤلی میں شادی کی بارات کے دوران چھریوں کی نمائش کرتے ہوئے رقص کرنے والے چار نوجوانوں کو گڈی ملکاپور پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کی شناخت کی اور ان کے قبضے سے چار چاقو ضبط کرلیے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ 22 نومبر کو گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں ریتی باؤلی کے بابو جگجیون رام بھون کمیونٹی ہال میں منعقدہ شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔

بتایا جاتا ہے کہ اپنی بہن کی شادی کی بارات میں چار نوجوانوں نے ہاتھوں میں چھریاں لے کر رقص کیا اور عوامی مقام پر ہتھیاروں کی نمائش کرتے ہوئے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات شروع کیں۔پولیس نے ویڈیو کی مدد سے ملزمین کی شناخت کے شراون کمار (31)، کشنگالا سنجے کمار (29)، سندیپ کمار (28) اور دلیپ کمار (26) کے طور پر کی اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے چار چاقو بھی برآمد کیے گئے۔ پولیس نے ملزمین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

اس موقع پر گڈی ملکاپور پولیس نے خبردار کیا کہ شادی بیاہ اور دیگر عوامی تقریبات میں چاقو یا کسی بھی مہلک ہتھیار کی نمائش کرکے خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ تقریبات کو پُرامن رکھیں اور قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔