حیدرآباد:تیز رفتار بائیک درخت سے ٹکرا گئی، سافٹ ویئر انجینئر ہلاک

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات

حیدرآباد:تیز رفتار بائیک درخت سے ٹکرا گئی، سافٹ ویئر انجینئر ہلاک
حیدرآباد:۔25/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)

شہرحیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی علاقے میں بدھ کی علی الصبح پیش آئے سڑک حادثے میں ایک سافٹ ویئر ملازمہ ہلاک ہوگئی۔ تیز رفتاری اور مبینہ لاپرواہی کے باعث بے قابو ہونے والی موٹر سائیکل پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر اس کے درمیان موجود درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں موٹر سائیکل کے پچھلے حصے پر بیٹھی خاتون شدید زخمی ہوگئی اور ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کی تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت سشما چودھری کے طور پر ہوئی ہے، جو کونڈہ پور کے ایک پی جی ہاسٹل میں رہتے ہوئے سافٹ ویئر ملازمہ کے طور پر کام کررہی تھی۔ وہ کاچی گوڑہ کی ایک خانگی کمپنی میں پروڈکٹ مینیجر کے عہدے پر فائز کوتیلی اکشے کمار کی دوست تھی۔ منگل کی رات دونوں مادھا پور میں مقیم اپنے ایک دوست اُلّوری سندیپ کے مکان پر کھانے کے لیے گئے تھے۔

کھانے کے بعد بدھ کی علی الصلی صبح تقریباً 12:50 بجے اکشے کمار اپنی رائل اینفیلڈ بُلٹ موٹر سائیکل (نمبر AP 31 DZ 6751) پر سشما کو ساتھ لے کر کونڈاپور کے لیے روانہ ہوا۔ رات تقریباً ایک بجے مادھا پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں چنّا پیدّما مندر کے قریب واقع سی آئی آئی جنکشن پر پہنچتے ہی تیز رفتاری اور مبینہ لاپرواہی کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہوگئی اور پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی، بعد ازاں ڈیوائیڈر کے درمیان موجود درخت سے جا ٹکرائی

۔حادثے کی شدت کے باعث سشما موٹر سائیکل سے اچھل کر سڑک پر جاگری اور اس کے سر اور چہرے پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے نتیجے میں کافی خون بہہ گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اسے مادھا پور کے ایک ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔

واقعے کے تعلق سے دوست اُلّوری سندیپ نے مادھا پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اکشے کمار کے خلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔