تلنگانہ مشن 33 کے تحت جگتیال میں روڈ سیفٹی مہم، ٹریفک پولیس کی کارروائی

تازہ خبر تلنگانہ

تلنگانہ مشن 33 کے تحت جگتیال میں روڈ سیفٹی مہم، ٹریفک پولیس کی کارروائی
، بغیر ہیلمٹ‘ غیر معیاری ہیڈ لائٹس اور تیز آواز والے سائلنسرز کے خلاف کارروائی
جگتیال:۔26/نومبر
(نامہ نگار)

 

مشن 33 کے تحت سڑک حادثات کی روک تھام، ٹریفک قوانین پر عمل آوری اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے مقصد سے جگتیال ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی روڈ سیفٹی بیداری مہم چلائی گئی۔ یہ مہم جگتیال ٹاؤن سی آئی کروناکر اور ٹریفک ایس آئی ملیش کی نگرانی میں انجام دی گئی۔

مہم کے دوران شہر کی مختلف سڑکوں پر چلنے والی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا اور ان میں نصب غیر معیاری و حد سے زیادہ تیز روشنی والی ہائی بیم ہیڈ لائٹس کی نشاندہی کی گئی۔ پولیس عہدیداروں نے گاڑی سواروں کو سمجھایا کہ تیز روشنی مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی بصارت کو متاثر کرتی ہے، جس سے سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے افراد کو غیر معیاری لائٹس فوری طور پر نکالنے کی ہدایت دی گئی۔

اسی طرح بلٹ موٹر سائیکلوں میں قواعد کے خلاف نصب کیے جانے والے تیز آواز کے سائلنسرز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ پولیس عہدیداروں نے واضح کیا کہ ایسے سائلنسرز صوتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ عام شہریوں کے لیے بھی پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔مہم کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو بھی ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے واقف کروایا گیا اور دورانِ سفر لازمی طور پر ہیلمٹ پہننے کی ہدایت دی گئی۔

پولیس عہدیداروں نے کہا کہ ہیلمٹ محض ٹریفک قانون کی پابندی نہیں بلکہ حادثات کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کا اہم ذریعہ ہے۔اس موقع پر ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، غیر معیاری گاڑیوں کے لوازمات کے استعمال سے گریز کریں اور اپنی جان کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کو بھی اولین ترجیح دیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے عوام کا تعاون اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔