بم دھمکیوں پر حیدرآباد بھر میں چوکسی، سی وی آنند کا سخت انتباہ
پُرہجوم مقامات پر بم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے تلاشی
، دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے والوں کی شناخت کے لیے سائبر کرائم ٹیموں کی تحقیقات
حیدرآباد:۔26/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں پر پولیس نے حیدرآباد بھر میں چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند نے کہا کہ دھمکیوں کے پیش نظر شہر کے تمام اہم اور پُرہجوم مقامات پر سخت نگرانی رکھی جارہی ہے اور بم اسکواڈ و ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام اور سرکاری عہدیداروں کو بم دھماکوں کی دھمکیاں دے کر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی وی آنند نے کہا کہ پولیس نے پورے حیدرآباد کو چوکس کردیا ہے اور دھمکی آمیز ای میلز کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی طیارے میں بم نصب ہونے کی جھوٹی اطلاع موصول ہوتی ہے تو حفاظتی نقطۂ نظر سے طیارے کو واپس بلانا اور مسافروں کو اتارنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف مسافروں کو پریشانی ہوتی ہے بلکہ سرکاری مشنری اور حفاظتی اداروں کے وسائل بھی صرف ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی سائبر کرائم ٹیمیں دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے والوں کی شناخت کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی ای میلز کے ذرائع اور ان کے پیچھے موجود افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بعض افراد اپنی اصل شناخت اور مقام کو چھپاتے ہوئے یہ ای میلز روانہ کررہے ہیں۔سی وی آنند نے یقین ظاہر کیا کہ دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے والوں کی جلد شناخت کرلی جائے گی اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی اطلاعات پر گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور پولیس و متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں
