حیدرآباد: خیرت آباد جی ایچ ایم سی دفتر میں آتشزدگی،اہم ریکارڈ اور فائلیں جل کر خاکستر

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات

حیدرآباد  : خیرت آباد جی ایچ ایم سی دفتر میں آتشزدگی،اہم ریکارڈ اور فائلیں جل کر خاکستر
دوسری منزل کے اکاؤنٹس و چیک سیکشن میں علی الصبح بھڑک اٹھیں آگ کی لپٹیں
حیدرآباد:۔27/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)

شہرحیدرآباد کے خیرت آباد میں واقع جی ایچ ایم سی (گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن) کے زونل دفتر میں جمعہ کی علی الصبح زبردست آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دفتر کی دوسری منزل پر موجود کئی اہم سرکاری فائلیں، دستاویزات اور فرنیچر جل کر خاکستر ہوگئے۔ آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھویں کے گہرے بادل چھا گئے اور اطراف کے علاقوں میں تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 5 بجے دفتر کی دوسری منزل پر واقع ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ کمرہ اکاؤنٹس، چیک اور بلوں کی منظوری (سینکشن) سے متعلق شعبہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا، جہاں اہم سرکاری ریکارڈ اور چیک بھی محفوظ رکھے گئے تھے۔ دفتر کے حفاظتی عملے نے آگ اور دھویں کو دیکھتے ہی متعلقہ حکام اور محکمہ فائر سیفٹی کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تین فائر انجنوں کو کارروائی میں شامل کیا گیا۔ فائر فائٹرس نے مسلسل دو گھنٹے سے زائد جدوجہد کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے عمارت کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران دوسری منزل دھویں سے بھر گئی تھی۔آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد اہم فائلوں، سرکاری دستاویزات اور دفتری سازوسامان کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ خاص طور پر اکاؤنٹس اور چیک سے متعلق شعبہ میں آگ لگنے کے باعث اہم ریکارڈ کے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تاہم کون کون سی فائلیں اور دستاویزات متاثر ہوئی ہیں اور سرکاری املاک کو کتنے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اس کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔ حکام نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ آتشزدگی کی وجہ برقی شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے، تاہم اس کی اصل وجہ کی تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔ متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے نقصان کا جائزہ لینے اور متاثرہ ریکارڈ کی تفصیلات جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔

شہر کے اہم بلدیاتی دفتر میں پیش آئے اس واقعہ نے سرکاری دستاویزات اور اہم ریکارڈ کے تحفظ کے انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔