منگنی سے قبل 18 سالہ لڑکی کا قتل، باپ ہی نکلا قاتل
خودکشی کا تاثر دینے کی کوشش، شادی کی خوشیاں غم و اندوہ میں تبدیل
عادل آباد:۔26/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)

کے ضلع عادل آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں اپنی پسند کے لڑکے سے شادی کرنے کی خواہش ظاہر کرنے پر باپ نے مبینہ طور پر اپنی 18 سالہ بیٹی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں اسے خودکشی کا رنگ دینے کے لیے لاش کو دوپٹے کے ذریعے پنکھے سے لٹکادیا۔ اس واقعہ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع عادل آباد کے نارنور منڈل کے موضع اُمری میں اڈے کیلاش اور سومترا نامی میاں بیوی مقیم ہیں۔ ان کی بیٹی کلیانی (18) کی شادی کے لیے ایک رشتہ طے ہوا تھا اور 25 نومبر کو اس کی منگنی مقرر تھی۔ گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں۔ تاہم 23 نومبر کو بیٹی کے رویے میں تبدیلی محسوس کرتے ہوئے باپ نے اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی۔
اس دوران کلیانی نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی پھوپھی کے بیٹے سے محبت کرتی ہے اور اسی سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ یہ بات سن کر باپ شدید برہم ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ 24 نومبر کی علی الصبح جب گھر کے دیگر افراد سو رہے تھے، کیلاش نے اپنی بیٹی کے پاس جاکر اس کا گلا گھونٹ دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔ بعد ازاں قتل کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اسی کے دوپٹے سے لاش کو پنکھے سے لٹکادیا۔
صبح جب ماں نیند سے بیدار ہوئی تو بیٹی کی لاش دیکھ کر چیخ و پکار کرنے لگی۔ ابتدائی طور پر اہل خانہ اور مقامی افراد نے اسے خودکشی کا واقعہ سمجھا، تاہم عجلت میں آخری رسومات انجام دینے کی کوششوں کے باعث شبہات پیدا ہوئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے گاؤں پہنچ کر تحقیقات شروع کیں اور باپ کیلاش سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ خاندان کی عزت متاثر ہونے کے اندیشے کے تحت اس نے اپنی بیٹی کا قتل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔منگنی کی خوشیوں سے سجے گھر میں اچانک ماتم چھا گیا۔
اپنی پسند کے شخص سے شادی کرنے کی خواہش رکھنے والی نوجوان لڑکی کی موت نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں، جبکہ واقعہ کے بعد موضع میں غم و اندوہ کی فضا پھیل گئی ہے

