منشیات سے پاک ریاست کی تشکیل ہمارا ہدف
آپریشن کوَچ کے ذریعہ بین ریاستی جرائم پیشہ گروہوں پر قابو پانے میں کاماریڈی پولیس کی شاندار کارکردگی
کاماریڈی میں ڈی جی پی سی وی آنند کا دورہ
کاماریڈی، 27 /نومبر
(سید کوثر علی کی رپورٹ)
تلنگانہ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند، آئی پی ایس نے جمعہ کے روز کاماریڈی ضلع کا دورہ کرتے ہوئے ضلع میں امن و ضبط کی صورتحال اور پولیس محکمہ کی کارکردگی پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع پولیس دفتر پہنچنے پر ضلع ایس پی ایم راجیش چندر، آئی پی ایس اور ضلع کلکٹر آشیش سنگوان، آئی اے ایس نے ڈی جی پی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی نے مسلح پولیس کے دستے سے گارڈ آف آنر قبول کیا اور پولیس دفتر کے احاطہ میں شجرکاری بھی کی۔

بعد ازاں کانفرنس ہال میں ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے عہدیداروں، سرکل انسپکٹرس اور ڈی ایس پیز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ ضلع ایس پی راجیش چندر نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ضلع پولیس کی کارکردگی، اہم مقدمات کی پیش رفت، آپریشن کوَچ، امن و ضبط کی صورتحال اور عوام کو فراہم کی جانے والی پولیس خدمات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ڈی جی پی سی وی آنند نے کہا کہ تقریباً 20 سال بعد دوبارہ کاماریڈی آنے پر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
ماضی میں متحدہ ضلع نظام آباد میں نکسلائٹس اور ماؤنوازوں کی سرگرمیاں، کلیمور مائنز اور لینڈ مائنز جیسے سنگین مسائل درپیش تھے، لیکن حکومت اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے نکسل ازم کا مکمل خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے ضلع ایس پی راجیش چندر کی قیادت میں کاماریڈی پولیس کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کوَچ کے ذریعہ بین ریاستی جرائم پیشہ گروہوں اور جائیداد سے متعلق جرائم پر مؤثر طریقہ سے قابو پایا جا رہا ہے۔
سائبر جرائم کی روک تھام میں ضلع کی نمایاں کارکردگی قابلِ مبارکباد ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ ملک کے مستقبل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ 31 دسمبر 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے مقصد کے تحت پولیس کو منشیات کی سپلائی اور فروخت کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ طلبہ اور عوام میں بھی بڑے پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے۔ سائبر جرائم کے تعلق سے ڈی جی پی نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سائبر مجرمین ڈیجیٹل اریسٹ اور ٹریڈنگ فراڈ کے ذریعہ عوام کی محنت کی کمائی لوٹ رہے ہیں، اس لیے عوام ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔ سائبر فراڈ کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر 1930 ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائیں۔
انہوں نے پولیس اسٹیشنوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے، زیر التواء مقدمات کی تحقیقات میں تیزی لانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ قومی شاہراہوں پر سڑک حادثات کی روک تھام، ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف کارروائی اور ہسٹری شیٹرس پر مسلسل نگرانی رکھنے پر بھی زور دیا۔ پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو اپنی جسمانی و ذہنی صحت کا خیال رکھنے، باقاعدگی سے ورزش، یوگا اور طبی معائنے کروانے کا مشورہ دیا۔
اس اجلاس میں ملٹی زون ون آئی جی پی کارتیکیا، زون تھری انچارج ڈی آئی جی سن پریت سنگھ، سی آئی ڈی ڈی آئی جی کے نارائن نائک، ضلع ایس پی ایم راجیش چندر، سی آئی ڈی ایس پی پروین کمار، سائبر سکیورٹی بیورو ایس پی ہرش وردھن، ایگل فورس ایس پی آر گریدھر سمیت دیگر پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔ آخر میں ڈی جی پی نے کاماریڈی پولیس کی اجتماعی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
