ہائی وے کنارے پارسل میں بند خاتون کی نعش برآمد، سنسنی
ہاتھ پاؤں باندھ کر ٹیپ سے لپیٹ کر پھینکنے کا شبہ، پولیس مصروف تحقیقات
کولار:۔27/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
کرناٹک کے ضلع کولار میں چنئی۔بنگلورو ایکسپریس وے کے قریب ایک نامعلوم خاتون کی نعش انتہائی پراسرار حالت میں برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی۔ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو پارسل کی شکل میں باندھ کر سڑک کے کنارے پھینک دیا۔ نعش کو جس انداز میں پیک کیا گیا تھا، اس سے واقعہ کی سنگینی کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے خاتون کی شناخت اور قتل میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعہ 27 نومبر کی علی الصبح ضلع کولار کے کے جی ایف تعلقہ میں سندرپالی گاؤں کے قریب چنئی۔بنگلورو ایکسپریس وے کی سرویس روڈ کے کنارے ایک مشتبہ گٹھڑی مقامی افراد کی نظر میں آئی۔ گٹھڑی سے شدید بدبو آرہی تھی، جس پر مقامی لوگوں کو کسی ناخوشگوار واقعہ کا شبہ ہوا۔
انہوں نے فوری طور پر بیتامنگلا پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس عہدیدار جائے وقوعہ پر پہنچے اور مشتبہ گٹھڑی کو کھولنے پر اس کے اندر ایک خاتون کی نعش برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر مقام کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق متوفی خاتون کی عمر تقریباً 35 سے 40 سال کے درمیان ہے، تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس کے ہاتھ اور پاؤں مبینہ طور پر باندھ دیے گئے تھے اور نعش کو بیٹھنے کی حالت میں ایک بوری کے اندر رکھا گیا تھا۔ بعد ازاں بوری کو پلاسٹک سے ڈھانپ کر پارسل ٹیپ کی مدد سے پوری طرح لپیٹ دیا گیا تھا، تاکہ اسے ایک بند پارسل کی شکل دی جاسکے۔ اس کے بعد نامعلوم افراد نعش کو ایکسپریس وے کی سرویس روڈ کے کنارے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس اس بات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ خاتون کا تعلق کس مقام سے تھا، اسے کہاں قتل کیا گیا اور نعش کو یہاں لاکر پھینکنے میں کون ملوث ہے۔
اس سلسلے میں خاتون کی شناخت کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری تحقیقات کے بعد ہی موت کی اصل وجہ اور واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔ہائی وے کے قریب اس انداز میں خاتون کی نعش برآمد ہونے کے واقعہ نے مقامی افراد میں خوف و تشویش پیدا کردی ہے۔ پولیس نے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
