اس لفظ سے مجھے بہت چڑ ہے ۔ کہنے کو یہ ایک معمولی سا لفظ ہے مگر اس کا اثر کسی ایٹم بم سے کم نہیں ۔ جی ہاں ایٹم بم جتنی تباہی مچاتا ہے یہ اچانک۔
آپ حیران ہورہے ہیں کیا ؟ ۔
ارے بھئی ایٹم بھی تو ایک معمولی ذرہ ہے جو آنکھ سے تو درکنار ایک عام خوردبین سے بھی نظر نہیں آتا مگر اس کی تباہی کےلیے ہیرو شیما اور ناگاساکی کی مثال سامنے ہے۔
بالکل اسی طرح یہ اچانک لفظ بھی تباہی مچاتا ہے۔ اس اچانک نے بہت سے لوگوں کو ہسپتال ،تھانوں اور قبرستان میں پہنچایا ہے ۔
اب اس اچانک کی کچھ مثالیں دیکھ لیں ۔
مثلاً آپ اپنی گرل فرینڈ سے رومانس جھاڑ رہے ہوں اور اچانک اس کا بھائی آجائے ۔یا آپ کوئی غیر قانونی کام کررہے ہوں اور اچانک پولیس کا چھاپہ پڑ جائے۔ آپ غم میں ڈوبے ہوئے ہوں اور آپ کو اچانک خوشی کی خبر مل جائے یا خوشی کے موقعہ پر اچانک غمی کی خبر مل جائے ۔ یعنی اچانک ہر حال میں اچانک دل کے اٹیک کا باعث بن کر آپ کو اچانک ہسپتال بھی پہنچا سکتا ہے۔

اچانک کی اس طرح کی کافی مثالیں ہیں جو آپ پر بھی صادق آتی ہوں گی اور آپ یقینًا اس اچانک کا مزہ چکھ چکے ہوں گے ۔ اور اچانک کے اس مزے نے آپ کے دانت باہر نہیں نکالیں ہوں گے تو ہلا ضرور دیئے ہوں گے۔
اس اچانک نے میرے بہت پیارے دوست کی وہ درگت بنائی ہے کہ وہ اب ٹانگوں سے بھی معزور ہوچکا ہے ۔ اسے اچانک سے بہت محبت تھی وہ ہر کام اچانک کرنے کا عادی تھا ۔ مٰں نے کئی بار اسے منع کیا کہ اچانک بہت خطرناک اور ٹائٹ کام ہوتا ہے مگر وہ بعض نہیں آیا ۔
ایک دن اچانک اسے محبوبہ سے ملنے شوق چڑھا ۔اور وہ اچانک محبوبہ کے گھر پہنچ گیا ۔محبوبہ کسی اور کی محبت کا دم بھرتی ہوئی پائی گئی۔میرے دوست کےاچانک پہنچ جانے سے وہ ہکا بکا رہ گئے ۔ عاشق نمبر دو بھاگ گیا اور یہ موصوف ابھی قہر آلود نگاہ سے محبوبہ کو گھور رہا تھا کہ اچانک محبوبہ کا بھائی وہاں آگیا ۔ بھائی کو دیکھ کر یہ اچانک وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا ۔ گلی میں اسے بھاگتے دیکھ کر اچانک ایک کتا پیچھے پڑ گیا ۔ابھی وہ کتے سے پیچھا چھڑا نہیں پایا تھا کہ اچانک وہاں پولیس آگئی اور اسے یوں بھاگتے دیکھ کر چور سمجھی اور اس کے پیچھے لگ گئی ۔ وہ سڑک کراس کرنے لگا تو اچانک ایک تیز رفتار کار اس کے سر پر پہنچ گئی اور اس کی ٹانگوں کا ستیاناس کردیا ۔ اور یوں اچانک نے اچانک میرے دوست کو معذور کرکے رکھ دیا ۔
اب آپ لوگ بھی اچانک کی تباہ کاریوں سے آگاہ ہوچکے ہوں گے۔
بس آپ لوگوں کو اس اچانک سے
خبردار کرنے کےلیے اچانک میرے ذہن میں خیال آیا کہ اچانک پر ایک اچانک مضمون لکھ کر اچانک آپ لوگوں کو چونکا دیا جائے ۔اور اب آپ اچانک یہ اچانک والا مضمون پڑھ کر اچانک سے خبردار ہوچکے ہوں گے اور اچانک سے بچنے کی تدبیر سوچ رہے ہوں ۔
کہیں آپ مجھے پاگل تو نہیں سمجھ رہے کہ میں نے پاگلوں کی طرح اچانک اچانک کی رٹ لگا رکھی ہے
مگر جناب آپ نے خود پر غور نہیں کیا کہ اچانک اچانک تو مسلسل آپ کے ہونٹوں پر بھی رواں دواں ہے
(بشکریہ ہماری زبان)
