کویتا کے ہاتھوں میاں پور میں کوویڈ آئسولیشن سنٹر کا افتتاح
حیدرآباد: 10 /مئی
(زین نیوز)
وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کلواکونٹلہ کویتا نے آج دوپہر میاں پور میں 300بستروں پر مشتمل کوویڈ آئیسولیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔

یہ سنٹر انکورا اور تھریسا ہاسپٹل کے اشتراک سے میاں پور میں واقع کالواری مندر کے احاطہ میں قائم کیا گیا جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا مکمل علاج کیاجائےگا۔
یہ سنٹر خانگی سطح پر قائم کردہ اس نوعیت کا پہلا سنٹر ہے جہاں پر 300 مریضوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن کونسل کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کورونا سے مقابلہ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے اس سنٹر کے قیام پر انکورا اور تھریسا ہاسپٹل انتظامیہ کی ستائش کی اور ان کے اس اقدام پر انہیں مبارکباد دی۔
اس سنٹر کے تحت کورونا مریضوں کا مفت علاج کئے جانے کے علاؤہ انہیں آکسیجن، ادویہ اور معیاری غذا فراہم کی جائے گی۔
رکن کونسل کویتا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہلک وباء سے بچنے تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔ ماسک پہنیں، پر ہجوم مقامات پر جانے سے اجتناب کریں اور سینیٹائزر استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : کنگ کوٹھی اسپتال میں بروقت آکسیجن کے نہ ملنے سے 3 فوت
انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے اقدامات کررہی ہے کہ تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں درکار تعداد میں بیڈس ، آکسیجن اور وینٹلیٹرس دستیاب ہوں اور ان کی کوئی کمی نہ ہو۔
کویتا نے سنٹر منتظم ستیش کو کورونا مریضوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کی مساعی پر مبارکباد دی۔

اس سنٹر پر کوویڈ مریضوں کا پیر سے علاج شروع کیا جائے گا۔ کوویڈ کیئر سنٹر میں مستقل بنیادوں پر 100 سے زیادہ میڈیکل عملہ ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔ 300 بستروں والے اس کوویڈ آیسولیشن سنٹر میں 50 آکسیجن بیڈس دستیاب ہیں۔
اس موقع پر سیری لنگمپلی رکن اسمبلی اریکاپوڈی گاندھی بھی موجود تھے۔