حیدرآباد:14؍مئی
(زین نیوز )
مسٹر محمد اعجاز الزماں سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے عامتہ المسلمین کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ظالم دشمن کورونا وائرس ہمارا تعاقب کررہا ہے لہذا ہمیں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔
سماجی فاصلہ کے علاوہ ماسک کا استعمال کرنا چاہئے اور وقتاً فوقتاً ہاتھوں کو صاف کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان رجوع الی اللہ ہوں اور بارگاہ رب العزت میں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔انہوں نے ریاست تلنگانہ میں اچانک لاک ڈائون کے فیصلہ کو بچکانہ فیصلہ قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ گزشتہ 15 یوم سے بار بار یہی کہہ رہے تھے کہ تلنگانہ میں لاک ڈاون نہیں ہوگا لیکن انہوں نے اچانک وزراء کا اجلاس طلب کرتے ہوئے لاک ڈاون کا اعلان کردیا جس سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ دواخانوں میں آکسیجن اور ادویات کی ہے ایسے میں لاک ڈاون سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ کو پہلے آکسیجن اور ادویات کا انتظام کرنا چاہئے تھا اور غریبوں کے اکائونٹ میں کم از کم 5 ہزار روپے جمع کروانا تھا مگر ایسا نہیں کیا۔امیر تو کسی بھی طرح سے زندگی بسر کرلیں گے لیکن غریب افراد کا برا حال ہوجائے گا وہ دووقت کی روٹی کیلئے بے بس ہوجائیں گے۔
محمد اعجاز الزماں نے کہا کہ پہلے سے ہی معلوم تھا کہ کورونا کی دوسری لہر آنے والی ہے مگر ریاستی حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔