سنگارینی میں کورونا پر قابو پانے رکن کونسل کویتا کے خصوصی اقدامات
حیدرآباد۔ 15؍مئی
(زین نیوز)
دختر چیف منسٹر تلنگانہ و رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے مہلک وباء کورونا وائرس سے متاثر سنگارینی ورکرس کیلئے کئی ایک خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
کویتا جو سنگارینی کالریز کی اعزازی صدر بھی ہیں, نے تلنگانہ کول مائنس ورکرس یونین (ٹی بی جی کے ایس) اور سنگارینی کے اشتراک سے ورکرس کو کورونا سے محفوظ رکھنے اور وباء سے متاثر ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے کئی ایک اقدامات کا اعلان کیا۔
ان اقدامات میں کورونا کا معائنہ، کوارانٹائن سنٹرس کا قیام ، الگ تھلک مراکز کا قیام اور ویکسینیشن سنٹرس کا قیام شامل ہے۔ سنگارینی چیف منیجنگ ڈائرکٹر سریدھر نے انتظامیہ اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اس ضمن میں بہتر خدمات فراہم کرنے ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا ہے۔
اس ضمن میں رکن کونسل کویتا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سنگارینی کالریز ملازمین کی فلاح بہبود اور انکی بہتر صحت کی نگہداشت کی پابند ہے اور اس ضمن میں ان اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ سنگارینی کالریز میں فی الحال 44 ہزار افراد ملازم ہیں ۔ ان میں فی الحال 560 فعال کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جو زیر علاج ہیں اور 9650 ملازمین کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : موت اور تاریکی اسرائیلی حملوں میں غزہ کے شہریوں کی دہشت زدہ رات
اجلاس میں جن اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں 3.16کروڑ روپیہ کے صرفہ سے کورونا معائنہ کٹس،25 ہزار ملازمین کیلئے ویکسین، 1400 بیڈس پر مشتمل اسپیشل وارڈس کا قیام شامل ہے۔
تاحال 27000 ملازمین کورونا ویکسین حاصل کرچکے ہیں اور ریاستی حکومت علاقہ میں مزید 50 ہزار ملازمین کو کورونا ٹیکہ دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ سنگارینی انتظامیہ نے اپنے ملازمین کو کورونا سے بچانے اور متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کیلئے تاحال 38 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں اور 43 لاکھ روپئے کے صرفہ سے مزید 755 بیڈس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ نے مزید 80 لاکھ روپئے کہ صرفہ سے ہوم آئ سولیشن میں زیر علاج متاثرین کیلئے 18 چیزوں پر مشتمل ادویات بشمول آکسجن میٹرس فراہم کئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے 5.5 کروڑ روپئے کہ صرف سے ریمیڈیسیور اجؤنجکشن اور دیگر ضروری انجکشنس فراہم کئے ہیں۔
مریضوں کیلئے آکسجن کی درکار سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ نے پانچ آکسجن پروڈکشن سنٹرس تیار کئے ہیں۔ اس کے علاوہ کنٹراکٹ بنیاد پر 20ڈاکٹرس اور 250 نرسنگ اسٹاف کا تقرر کیا ہے ۔ اس کے علاوہ کمپنی نے کورونا سے فوت ہونے والے 39 افراد کو فی کس 15لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا بھی اعلان کیا ہے۔
