آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نےہندوستان کے خلاف 412 رنز بنا ڈالے۔
نئی دہلی :۔20؍ستمبر
(اسپورٹس ڈیسک)
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم دہلی میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف 412 رنز بنا ڈالے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستانی خواتین نے کسی ون ڈے میچ میں 400 یا اس سے زیادہ رنز تسلیم کیے ہیں۔ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے فیصلے نے آسٹریلیا کو مضبوط آغاز دیا۔
اوپنر جارجیا وول نے 68 گیندوں پر 81 رنز بنائے، جن میں 14 چوکے شامل تھے۔ کپتان ایلیسا ہیلی نے 18 گیندوں پر 30 رنز اسکور کیے جبکہ ایلیس پیری نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔بلے بازی کا اصل جادو بیتھ مونی کے بلے سے برسا، جنہوں نے صرف 57 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔
یہ خواتین ون ڈے کرکٹ کی دوسری تیز ترین سنچری ہے، جو آسٹریلیا کی کیرن رولٹن کے 2000 میں بنائے گئے ریکارڈ کے برابر ہے۔ سب سے تیز سنچری کا اعزاز سابق کپتان میگ لیننگ کے پاس ہے،
جنہوں نے 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 45 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ مونی نے مجموعی طور پر 75 گیندوں پر 138 رنز بنائے، جن میں 23 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 184 رہا۔آسٹریلیا کی اننگز کے دوران اشلے گارڈنر نے 24 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے جبکہ ٹاہلیا میک گرا نے 14 رنز بنائے۔ ٹیم نے مقررہ 50 اوور پورے کرنے سے قبل 47.5 اوورز میں 412 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
ہندوستان کی جانب سے گیند بازوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ اروندھتی ریڈی نے 86 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی شرما اور رینوکا ٹھاکر نے دو، دو وکٹیں جبکہ کرانتی گوڑ اور اسنیہ رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ رادھا یادیو چار اوورز میں 48 رنز دینے کے باوجود کوئی کامیابی نہ سمیٹ سکیں۔یہ آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ کا مشترکہ سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 1997 میں ڈنمارک کے خلاف بھی آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 412/3 رنز بنائے تھے۔
خواتین ون ڈے کرکٹ میں 400 یا اس سے زائد کا مجموعہ محض سات مرتبہ بنا ہے، جس میں سب سے زیادہ (چار بار) نیوزی لینڈ نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے پاس ہے، جس نے 2018 میں آئرلینڈ کے خلاف 491 رنز بنائے تھے۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اب تک سب سے زیادہ 435 رنز اسکور کیے ہیں جو آئرلینڈ کے خلاف بنائے گئے تھے۔
400 یا اس سے زائد رنز بنانے کا کارنامہ پاکستان، ہندوستان اور ڈنمارک نے بھی ایک ایک مرتبہ انجام دیا ہے۔آسٹریلیا کی اس تاریخی اننگز نے نہ صرف ہندوستان کے خلاف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ خواتین کرکٹ کے تاریخ ساز لمحوں میں بھی اپنا نام درج کرالیا۔