بنگلہ دیش میں خوفناک ریل حادثہ۔
دو ٹرینوں میں تصادم، کم از کم 16 افراد ہلاک
ڈھاکہ:۔23؍اکتوبر
(زین نیوز ورلڈ ڈیسک)
بنگلہ دیش میں پیر کو دو ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 16افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 80 کلومیٹر (50 میل) دور بھیراب کے مقام پر ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔
پیر کی سہ پہر دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اخبار ‘ڈھاکا ٹریبیون’ کے مطابق اس واقعے میں اب تک 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 100 کے قریب لوگ زخمی ہیں۔ ان میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ تصادم کشور گنج علاقے میں ہوا۔ ایک مسافر ٹرین پٹڑی پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ مسافر ٹرین کے ڈبوں میں اب بھی کئی لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔بچاؤ ٹیم موقع پر موجود ہے۔
‘بنگلہ دیش ٹوڈے’ کی رپورٹ کے مطابق اب تک 15 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ فائر سروس اور شہری دفاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پردھان سرکار نے اس کی تصدیق کی ہے۔
At least eight people were killed and several others injured after two trains collided in Bangladesh, reports Reuters citing Police
— ANI (@ANI) October 23, 2023
مقامی پولیس افسر عبدالعلیم سکدار نے کہاکہ کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ کچھ لوگ اب بھی ٹرین کے نیچے اور ڈبوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہیں ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔ مسافر ٹرین کی دو بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
یہ واقعہ شام 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ اس حادثے کے بعد ڈھاکہ۔چٹاگانگ اور سلہٹ-کشور گنج ٹریک پر ریل خدمات روک دی گئی ہیں۔ ٹریک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔