بگ باس 19 پر سلمان خان کا ردعمل ۔ یہ سیزن باقی سب سے مختلف ہوگا
نئی دہلی: 23؍ اگست
(زیڈ این میڈیا سروِس)
ہندوستان کا سب سے مشہور اور متنازعہ ریئلٹی شو بگ باس ایک بار پھر اپنے نئے سیزن کے ساتھ ناظرین کے سامنے آنے والا ہے۔ ناظرین ہر سال اس شو کے منفرد فارمیٹ اور میزبان سلمان خان کے دبنگ انداز کے منتظر رہتے ہیں۔ اس بار بھی بگ باس 19 شروع ہونے سے پہلے ہی خبروں میں ہے اور اسے گزشتہ تمام سیزنز سے زیادہ دلچسپ بتایا جا رہا ہے۔
ٹی وی کے سب سے متنازعہ اور مقبول ریئلٹی شو بگ باس کے 19ویں سیزن کے آغاز میں اب صرف ایک دن باقی ہے۔ شو کے شائقین جہاں مقابلہ کرنے والوں کی فہرست جاننے کے لیے بے چین ہیں، وہیں میزبان سلمان خان نے اس بار شو کو لے کر کچھ دلچسپ اشارے دیے ہیں۔
سلمان خان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ جیسے جیسے شو آگے بڑھے گا، ناظرین کو اندازہ ہو جائے گا کہ اس سیزن میں خاص کیا ہونے والا ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور شو کا سسپنس برقرار رکھا۔
پروڈیوسر بنی جے اینڈیمول کے سی او او رشی نیگی نے بتایا کہ اس بار شو کا تھیم "جمہوریت” رکھا گیا ہے اور بگ باس کے گھر کو مکمل طور پر اسی تھیم کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار مقابلہ کرنے والوں کو زیادہ آزادی اور طاقت دی گئی ہے،
جس کے باعث گھرمیں فیصلے اور حکمت عملیاں بالکل نئے انداز میں سامنے آئیں گی۔رشی نیگی کے مطابق سلمان خان نے اس بار مقابلہ کرنے والوں کے انتخاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انہیں ٹیم میں خاصی تازگی دکھائی دی ہے۔
سلمان خان بھی اس سیزن میں اپنے دبنگ انداز کے ساتھ ناظرین کو ایک نیا رنگ دکھائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان کے انداز کی خاص بات یہ ہے کہ اگر وہ کسی پر تنقید بھی کریں تو ان کا مخصوص اسٹائل لوگوں کو بہت پسند آتا ہے۔رشی نیگی نے مزید بتایا کہ بگ باس 19 میں ہر ٹاسک کو ایک خاص مقصد اور جذبے کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق میں ضمانت دیتا ہوں کہ آپ نے پچھلے 18 سیزن میں ایسے ٹاسک نہیں دیکھے ہوں گے۔”بگ باس 19 کا گرینڈ پریمیئر 24 اگست کو رات 9 بجے JioCinema اور Jio Hotstar پر نشر کیا جائے گا، جبکہ ٹی وی ناظرین کے لیے شو کلرز ٹی وی پر رات 10:30 بجے سے دیکھا جا سکے گا۔