سپریم کورٹ ملک میں مذہبی جنگ بھڑکانے کی ذمہ دار
اپنی حدود سے تجاوز کر رہی ہے: بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے
بیان سپریم کورٹ جیسے معزز ادارے پر سیدھا حملہ ہے: کانگریس ایم پی مانیکم ٹیگور
نئی دہلی :۔19؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)
سپریم کورٹ کی جانب سے صدر کو بلوں پر بروقت فیصلہ کرنے کی ہدایت کے بعد اس معاملے پر بیان بازی میں مسلسل تیزی آ گئی ہے۔ دریں اثنا، اس معاملے میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے ہفتہ کو سپریم کورٹ کے رول پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالت خود قانون بناتی ہے تو پارلیمنٹ ہاؤس کو بند کر دینا چاہیے۔
نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کے بعد بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے اس پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا کا تقرر صدر کرتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں آپ (سی جے آئی) کسی بھی تقرری اتھارٹی کو ہدایات کیسے دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اس ملک کا قانون بناتی ہے۔ کیا آپ اس پارلیمنٹ کو ہدایات دیں گے؟ چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ ملک میں خانہ جنگی کے ذمہ دار ہیں۔ سپریم کورٹ مذہبی جنگ بھڑکانے کی ذمہ دار ہے۔۔ سپریم کورٹ اپنی حدود سے باہر جا رہی ہے۔ اگر ہر معاملے کے لیے سپریم کورٹ جانا ہے تو پارلیمنٹ اور اسمبلیاں بند کر دی جائیں
دراصل یہ معاملہ تمل ناڈو کے گورنر اور ریاستی حکومت کے درمیان تنازع سے پیدا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ نے 8 اپریل کو حکم دیا کہ گورنر کے پاس ویٹو پاور نہیں ہے۔ صدر کو 3 ماہ میں بل پر فیصلہ کرنا ہو گا۔ یہ حکم 11 اپریل کو سامنے آیا۔
واضح رہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا یہ تبصرہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سپریم کورٹ کی سماعت اور صدر کو بلوں پر بروقت فیصلہ لینے کی عدالت کی ہدایت کے بعد آیا ہے۔ تاہم اپوزیشن سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی مسلسل تعریف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ تعیناتی کرنے والے افسر کو ہدایات کیسے دے سکتے ہیں؟ صدر ہندوستان کے چیف جسٹس کا تقرر کرتا ہے۔
پارلیمنٹ اس ملک کے قوانین بناتی ہے۔ کیا آپ اس پارلیمنٹ کو ہدایات دیں گے؟…آپ نے نیا قانون کیسے بنایا؟ کس قانون میں لکھا ہے کہ صدر کو تین ماہ میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے؟ اس کا مطلب ہے کہ آپ اس ملک کو انارکی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ جب پارلیمنٹ بیٹھے گی تو اس پر تفصیل سے بات کی جائے گی
کانگریس ایم پی مانیکم ٹیگور نے نشی کانت دوبے کے بیان پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوبے کا بیان توہین آمیز ہے اور یہ سپریم کورٹ جیسے معزز ادارے پر سیدھا حملہ ہے۔ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ نشی کانت دوبے اکثر ملک کے آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب انہوں نے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
مجھے امید ہے کہ سپریم کورٹ کے جج اس کا نوٹس لیں گے، جیسا کہ یہ بیان پارلیمنٹ کے باہر دیا گیا تھا۔ ٹیگور نے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ سپریم کورٹ پر اس طرح کے تبصروں کو کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کی اس ہدایت کے بعد نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے تشویش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے ہندوستان میں ایسی جمہوریت کا تصور بھی نہیں کیا تھا جہاں جج قانون بنائیں گے اور انتظامی ذمہ داری کو اپنے کندھوں پر ڈالیں گے اور ایک ‘سپر پارلیمنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
نائب صدر نے سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیا جس میں صدر کے لیے بل پر فیصلہ لینے کے لیے تین ماہ کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ صدر سے ایک مقررہ وقت کے اندر فیصلہ لینے کو کہا جا رہا ہے