یاتریوں سےبھری بس کھائی میں گر گئی، 10 ہلاک، 57 یاتری زخمی
نئی دہلی :۔30؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
جموں و کشمیر میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ امرتسر سے ماتا ویشنو دیوی کی پوجا کے لیے جانے والی ایک بس پل سے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں دس افراد ہلاک ہو گئے۔ جبکہ 57سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایسے میں مہلوکین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اس بس میں 75 مسافر سوار تھے۔ سبھی بہار کے رہنے والے تھے۔ جموں کے ڈپٹی کمشنر اونی لواسا نے بتایا کہ حادثے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ شدید زخمیوں کو جی ایم سی جموں میں داخل کرایا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کا مقامی ہیلتھ سینٹر میں علاج کیا گیا
بتایا جا رہا ہے کہ بس کٹرا جا رہی تھی، جب جھجر کوٹلی علاقے میں یہ حادثہ ہوا۔ اس بس میں بہار کے لکھیسرائے کے مسافر سوار تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لکھیسرائے ٹاؤن تھانہ علاقہ کے کوریا ٹولہ سبک پور پنچایت کے مکیش کمار اپنی بیٹی کا شیو کروانے جا رہے تھے۔ کوریہ ٹولہ میں ان کا گھر الیکٹرک پاور گرڈ کے بالکل پیچھے ہے۔
اس واقعہ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کوہلی نے بتایا کہ آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ 20 افراد زخمی ہیں۔ جائے حادثہ پر مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام کیا جا رہا ہے۔
زخمیوں کو جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتا دیں کہ اس سے قبل 21 مئی کو بھی جموں جاتے ہوئے ایک سڑک حادثہ ہوا تھا۔ اس میں بھی بس الٹنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی اور 24 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ایک مقامی پولیس افسر اجت منہاس نے کہا، "آٹھ سے دس یاتریوں کی موت ہو گئی ہے اور 57 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔”
ایک دوسرے پولیس افسر نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچایا گیا اور زخمیوں کو جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال اور جھجر کوٹلی کے ایک بنیادی مرکز صحت پہنچایا۔
بس میں سوار ایک یاتری نے بتایا کہ بس پل سے کھائی میں گرنے سے پہلے اسے اچانک ایک جھٹکا لگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم آٹھ سے دس مر چکے ہیں۔ایک اور یاتری نے بتایا کہ وہ سو رہا تھا جب بس اچانک نیچے گر گئی۔ "چاروں طرف افراتفری تھی۔ایک مقامی رہائشی وویک نے بتایا کہ اس نے صبح 5.30 بجے کے قریب بس کو نیچے جاتے دیکھا
ایسا لگتا ہے کہ یا تو ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا یا بریک فیل ہوگئی۔ میں چند دیگر مقامی لوگوں کے ساتھ فوراً گھاٹی میں اتر گیا اور کچھ دیر بعد پولیس اور سی آر پی ایف کے عہدیدار موقع پر پہنچ گئے۔
جائے حادثہ پر بچاؤ آپریشن میں مصروف سی آر پی ایف افسر اشوک چودھری نے بتایا کہ جیسے ہی ہمیں صبح حادثے کی اطلاع ملی۔ فوری طور پر ہماری ٹیم یہاں پہنچی اوربچاؤ آپریشن شروع کیا۔ لاشیں نکال لی گئیں۔
زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ پولیس ٹیم بھی ہمارے ساتھ بچاؤ آپریشن میں مصروف ہے۔۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس میں بہار کے لوگ سوار تھے جو کٹرہ جا رہے تھے۔ پولیس ٹیم زخمیوں اور جاں بحق افراد کی شناخت میں مصروف ہے۔