YouTuber swept away

سیلفی کا جنون موت کا پیغام بن گیا

تازہ خبر قومی وائرل خبریں
سیلفی کا جنون موت کا پیغام بن گیا
 یوٹیوبر ٹوڈو ڈوڈوما آبشار کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا
موبائل کیمرے میں دل دہلا دینے والا منظر قید
نئی دہلی:۔25؍اگست
(انٹر نیٹ ڈیسک)
آج کل سیلفی کا شوق ایک فیشن، رجحان اور جدید طرزِ زندگی کی علامت سمجھا جانے لگا ہے۔ جہاں کبھی تصویریں صرف یادیں محفوظ کرنے کے لیے کھینچی جاتی تھیں، آج وہی عمل خود نمائی، دکھاوا اور سوشل میڈیا پر نمایاں ہونے کا ذریعہ بن گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سیلفی کا شوق اب جنون کی حد تک بڑھ چکا ہے۔
لوگ منفرد اور خطرناک انداز میں سیلفی لینے کے لیے بے چین نظر آتے ہیں۔ شہرت اور لائکس کی ہوس میں بعض اوقات انسان اپنی جان تک داؤ پر لگا دیتا ہے۔ کئی نوجوان اس شوق کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور ان کی زندگیاں چند لمحوں کی نمائش کی نذر ہو گئیں۔ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اڈیشہ کے کوراپٹ ضلع میں پیش آیا، جہاں ڈوڈوما آبشار پر رییل شوٹ کرنے گیا ایک نوجوان تیز پانی کے ریلے میں بہہ گیا۔
 22 سالہ ساگر ٹوڈو، جو کہ یوٹیوبر اور گنجم ضلع برہم پور کا رہنے والا تھا، اتوار کی دوپہر اپنے دوست ابھیجیت بہیرا کے ساتھ آبشار پر پہنچا تھا۔ وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے سیاحتی مقامات کی ویڈیو ریلیز شوٹ کرتا تھا۔ شوٹ کے دوران اس نے ڈرون سیٹ کیا اور پانی میں اتر گیا۔ساگر ایک بڑی چٹان پر کھڑا تھا جب اچانک آبشار کا بہاؤ بڑھ گیا۔

علاقے میں شدید بارشوں کے باعث مچکنڈہ ڈیم اتھاریٹی نے پانی چھوڑا تھا اور اس کے لیے الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ تیز بہاؤ کی وجہ سے ساگر وہیں پھنس گیا۔ساگر کا دوست اور کنارے پر کھڑے دیگر لوگ رسی لے کر اسے بچانے پہنچے، مگر تب تک وہ تیز کرنٹ کی زد میں آ کر بہہ چکا تھا۔
یہ پورا واقعہ ایک موبائل ویڈیو میں قید ہو گیا اور چند ہی سیکنڈ میں ساگر پانی میں غائب ہو گیا۔مچکنڈہ پولیس کے مطابق پولیس اور بچاؤ ٹیمیں نوجوان کی تلاش میں مصروف ہیں۔