دسویں  کے شفاف انداز میں امتحانات کے انتظامات 

تازہ خبر تلنگانہ
دسویں  کے شفاف انداز میں امتحانات کے انتظامات 
کلکٹرس کو وزیرتعلیم کی ہدایت‘ 4.94 لاکھ امیدواروں کیلئے  2,652 امتحانی مراکز
ہال ٹکٹ بتاکر آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت ‘11کے بجائے 6 پرچے 
حیدرآباد:۔29؍مارچ
 (زین نیوز) 
پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے دسویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں آج ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کے دفتر سے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقادعمل میں لایااورکہا کہ یہ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ امتحانات کے حوالے سے طلبہ کے شکوک و شبہات کو دور کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
 انہوں نے دسویں جماعت کے امتحانات کے شفاف اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی جس میں لاکھوں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ 2,652امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں
جبکہ ریاست بھر میں 4,94,620طلبا امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد میں ضلع کلکٹروں کا کردار اہم ہے۔ چونکہ امتحانات کے انعقاد کے دوران دھوپ کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے،
 اسلئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور امتحانی مراکز میں طلبہ کیلئے ضروری سہولتیں، پینے کے پانی اور او آر ایس کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو پرامن ماحول میں امتحانات لکھنے کی سہولت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کے بغیر کسی مسائل کیصاف و شفاف انداز میں انعقاد کو یقینی بنانیکیلئے خصوصی ایکشن پلان بنایا جائے۔
 امتحانات کو شفاف طریقے سے منعقد کرنے کیلئے امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور وقتا فوقتا ان کی نگرانی کے اقدامات کا مشورہ دیااور کہا کہ امتحانات کے پرامن انعقاد کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے۔
امتحانات کے دوران برقی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہال ٹکٹ پہلے ہی متعلقہ اسکولوں کو بھیجے جا چکے ہیں اور طلبا کو خود انہیں ڈان لوڈ کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاریہ سال سے امتحانی پرچوں کی تعداد 11 سے کم کر کے6کر دی گئی ہے اور سائنس کے امتحان کے دن فزکس اور بیالوجی کے سوالیہ پرچے اور جوابی پرچے الگ سے فراہم کئے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ امتحانی مراکز ان اسکولوں کے قریب قائم کیے گئے ہیں جن میں وہ پڑھتے تھے تاکہ طلبہ کو تکلیف نہ ہو۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنے امتحانات کے انعقاد کیلئے ضلع واری خصوصی مبصرین کا تقرر کیا جا رہا ہے۔
وزیر نے انکشاف کیا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو ان کا ہال ٹکٹ دکھا کر آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزیر نے کہا کہ دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے خصوصی کلاسس کے انعقاد کے علاوہ ایک خصوصی مینو لاگو کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں محکمہ تعلیم کے سکریٹری وکاٹی کرونا، محکمہ اسکولی تعلیم کی ڈائریکٹر دیوسینا اور دیگر نے شرکت کی۔