تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی کی سرکاری رہائش گاہ کی نام کی تختی پر اردو کو نظر انداز کرنے پر برہم
تلنگانہ بھون کے عہدیداروں کی سرزنش۔ دوسرا بورڈ بنانے کی ہدایت
دہلی: ۔19؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہلی تلنگانہ بھون کے عہدیداروں کی سرزنش کی۔ تلنگانہ بھون کے عہدیداروں نے سرکاری رہائش گاہ کی نیم پلیٹ نام کی تختی میں اردو کو نظر انداز کردیا۔
اردو ریاست تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان ہے۔ اردو کو نظر انداز کرتے ہوئے عہدیداروں نے تیلگو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں نام کی پلیٹ بنائی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ نام کی پلیٹ پر اردو لگائیں اور دوسرا بورڈ بنائیں۔
دریں اثنا، دہلی کے تغلق روڈ رہائش گاہ پر سابق چیف منسٹر کے سی آر کے نام والی نام کی پلیٹ تبدیل کردی گئی۔ اب تک کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ بنگلہ نمبر 23، تغلق روڈ، دہلی ہے۔ انتخابات میں شکست کے بعد حال ہی میں بنگلہ خالی کر دیا گیا تھا اور کے سی آر کا ذاتی سامان ان کے عملے نے دوسری جگہ منتقل کر دیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ 2004 سے 2014 تک کے سی آر نے اپنی تغلق روڈ رہائش گاہ سے رکن پارلیمنٹ اور وزیر کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعد 2014 سے دسمبر 2023 کے پہلے ہفتہ تک تغلق روڈ بنگلہ بطور چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ تھا۔
انتخابی نتائج کے بعدبنگلے کو کے سی آر کے عملے نے خالی کر کے تلنگانہ بھون کے حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ تغلق روڈ بنگلہ تقریباً 20 سال تک کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد پہلی بار بنگلے کا دورہ کیا۔ فی الحال ریونت ریڈی کی رہائش ایم ایس فلیٹس یامونا اپارٹمنٹس میں 902 فلیٹ ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یمنا اپارٹمنٹ کا فلیٹ جلد ہی خالی کر دیا جائے گا۔ ایسا لگتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی تغلق روڈ والے بنگلے میں تبدیلی کے بعد پوجا کرنے اور بنگلہ کو سرکاری طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔