Covid-scam-worth-rs-40-thousand-crore

کرناٹک :سابق چیف منسٹر یدی یورپاحکومت میں 40 ہزار کروڑ روپے کا کووڈ گھوٹالہ

بین الریاستی تازہ خبر
کرناٹک :سابق چیف منسٹر یدی یورپاحکومت میں 40 ہزار کروڑ روپے کا کووڈ گھوٹالہ
بی جے پی ایم ایل اے بسنا گوڑا پاٹل یتنال کا دعویٰ
نئی دہلی:۔29؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک بی ایس یدی یورپا کی حکومت کے دوران کووڈ اسکام کے سامنے آنے کے بعد سے کرناٹک میں سیاست گرم ہو گئی ہے۔ وجئے پور سے بی جے پی ایم ایل اے بسنا گوڑا پاٹل یتنال نے الزام لگایا ہے کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت کے دوران 40 ہزار کروڑ روپے کا کووڈ گھوٹالہ ہوا تھا۔
بسنا گوڑا کے اس دعویٰ پر کرناٹک کے سی ایم سدارامیا نے جمعرات (28 دسمبر) کو کہا کہ اگر ایم ایل اے پاٹل کا ارادہ مجرموں کو سزا دینا ہے تو انہیں اس گھوٹالے سے متعلق دستاویزات تحقیقاتی کمیشن (جسٹس جان مائیکل کنہا کمیٹی) کے سامنے پیش کرنے چاہئیں۔
اس کے ساتھ ہی کرناٹک کی موجودہ حکومت میں وزیر پرینک کھرگے نے بھی بسنا گوڑا پاٹل یتنال سے گھوٹالے سے متعلق دستاویزات کو عام کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے لوگوں اور ان کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے دستاویزات کو عام کیا جانا چاہئے۔
دریں اثنا، ریاستی بی جے پی کے جنرل سکریٹری پی راجیو نے کہا کہ ریاستی صدر بی وائی وجےندر کی قیادت میں بی جے پی عہدیداروں کی میٹنگ میں اس مسئلہ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرناٹک بی جے پی نے کہا کہ پارٹی کے وقار کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
۔26 دسمبر کو بی جے پی ایم ایل اے  بسنا گوڑا پاٹل یتنال نے الزام لگایا کہ یدی یورپا کی قیادت والی پچھلی بی جے پی حکومت کے دوران کووڈ کے دوران 40 ہزار کروڑ روپے کا گھوٹالہ ہوا تھا۔ ایم ایل اے نے یدی یورپا کے بیٹے پر بھی گھوٹالے کا الزام لگایا۔
 بسنا گوڑا پاٹل یتنال نے کہا کہ اگر مجھے پارٹی سے نکالا گیا تو میں ان لوگوں کے نام سامنے لاؤں گا جنہوں نے پیسہ لوٹا اور بہت سی جائیدادیں بنائیں۔ بی ایس یدی یورپا حکومت کے دوران 40 ہزار کروڑ روپے کا غبن کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہر کورونا مریض کا 8 سے 10 لاکھ روپے کا بل بنایا۔
45 روپے کے ماسک کی قیمت 485 روپے ہے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت ہماری حکومت تھی لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کس کی حکومت تھی۔ چور چور ہوتے ہیں۔ کورونا وبا کے وقت 45 روپے کے ماسک کی قیمت 485 روپے رکھی گئی تھی۔
بنگلورو میں 10 ہزار بستروں کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس کے لیے 10 ہزار بستر کرائے پر منگوائے گئے۔ جب میں کورونا سے متاثر ہوا تو منی پال ہسپتال نے 5 لاکھ 80 ہزار روپے مانگے تھے۔ غریب آدمی اتنے پیسے کہاں سے لائے گا؟
بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن حکومت: سی ایم سدارامیا
بی جے پی ایم ایل اے کے ان الزامات کے بعد کرناٹک کے سی ایم سدارامیا کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی ایم ایل اے کے ان الزامات نے ہمارے پہلے کے ثبوت کو مزید تقویت دی ہے۔
بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن والی حکومت تھی۔ اگر ہم یتنل کے الزامات پر غور کریں تو لگتا ہے کہ کرپشن ہماری سوچ سے 10 گنا زیادہ ہے۔ ہمارے الزامات پر شور مچانے والے بی جے پی وزراء کا ٹولہ اب کہاں چھپا ہوا ہے؟