عتیق احمد و اشرف قتل:  سی ایم یوگی نے آج اپنے  تمام پروگرام منسوخ کر دیے۔ پریاگ راج، ایودھیا  میں الرٹ 

تازہ خبر قومی
 عتیق احمد و اشرف قتل:  سی ایم یوگی نے آج اپنے  تمام پروگرام منسوخ کر دیے۔ پریاگ راج، ایودھیا  میں الرٹ 
سی ایم کی رہائش گاہ پر کسی بھی نقل و حرکت پر پابندی، ہر 2 گھنٹے بعد رپورٹ طلب کی
لکھنؤ:۔16؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)
 امیش پال قتل کیس کے ملزم مافیا ڈان عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو ہفتہ کی رات پریاگ راج میڈیکل کالج کے قریب حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ دونوں کے قتل کے بعد پورے اتر پردیش میں کہرام کا ماحول ہے۔
عتیق احمد اور اس کے بھائی خالد عظیم عرف اشرف کو پریاگ راج میں گولی مار کر ہلاک کیے جانے کے بعد اتر پردیش میں دفعہ 144 کے نفاذ کے پیش نظر ایک علاقے میں سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے اتوار کو پورے اترپردیش میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ،
راجدھانی لکھنؤ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج اپنے  تمام پروگرام منسوخ کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 5 کالی داس مارگ پر واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر کسی کی بھی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سی ایم یوگی آج اپنے لکھنؤ میں واقع 5 کالی داس مارگ پر موجود رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 13 اپریل کو احمد کا بیٹا اسد اور اس کا ایک ساتھی غلام پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسروں کو فیلڈ میں چوکس رہنے اور قتل کیس میں ہر 2 گھنٹے بعد رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و امان برقرار رکھا جائے۔ ریاست کے تمام لوگ بھی اس میں تعاون کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ عام لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی ایم یوگی نے کہا کہ کسی کو بھی قانون سے نہیں کھیلنا چاہئے۔ سی ایم یوگی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل ہفتے کو دیر گئے عتیق اور اشرف کے قتل کے بعد وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی تھی۔ اسی دوران یوگی کی رہائش گاہ پر ملاقاتوں کا دور شروع ہو گیا تھا۔ اس قتل عام کے بعد یوپی پولیس کے ڈی جی پی آر کے وشواکرما اور اے ڈی جی (امن و قانون) پرشانت کمار بھی وزیر اعلیٰ سے ملنے آئے۔
پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی میں وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ کی جانب سے 3 رکنی جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیتے ہوئے پورے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی۔
 اس کے ساتھ ہی پولیس کو پوری ریاست میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ خاص طور پر پریاگ راج میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی دیگر شہروں کے حساس علاقوں کو چھاؤنیوں میں تبدیل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے ایس ٹی ایف کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ یوپی ایس ٹی ایف کی ٹیم عتیق اور اشرف قتل کیس کے تینوں ملزمین سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔تینوں حملہ آور، جنہیں عتیق اور اشرف کو پوائنٹ بلینک رینج میں گولی مارنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا ، اتوار کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
 اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ عتیق اشرف کو قتل کرنے والا لولیش تیواری بانڈہ کا رہنے والا ہے۔ ارون موریہ ہمیر پور کے رہنے والے ہیں۔ وہیں، تیسرا ملزم سنی کاس گنج ضلع سے ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران تینوں ملزمان نے اپنا ایک ہی پتہ بتایا ہے۔ پولیس ان کے بیانات کی تصدیق کر رہی ہے۔