ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کی بی جے پی میں واپسی ٹلی

تازہ خبر قومی
حامیوں کو لگا گہرا دھچکا،بحث ومباحثہ کا دور جاری 
دیوبند:۔ 30؍نومبر
(رضوان سلمانی)  
مغربی یوپی کے سینی برادری اہم لیڈر سمجھے جانے والے سابق وزیر ڈاکٹر دھرم سینی کی سماجوادی پارٹی سے بی جے پی میں واپسی پر اچانک بریک لگ گیا،جس سے ان کے حامیوں کو بڑا جھٹکا لگاہے،
رواں سال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئے سابق وزیر کو آج مظفرنگر کے کھتولی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے بی جے پی میںواپسی کرنی تھی
، لیکن انہیں کھتولی جاتے ہوئے راستہ میں ہی روک دیاگیا اور فی الحال ان کی بی جے پی میں واپسی پر بریک لگ گیا، وہیں ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی نے بھی کہاکہ وہ آج بی جے پی میں شامل نہیں ہورہے ہیں۔
سہارنپور کے قدر آور لیڈر اور سابق وزیر ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کاکہناہے کہ بی جے پی اعلیٰ کمان نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی رضامندی دے دی ہے، صوبائی صدر چودھری بھوپیندر سنگھ کے علاوہ علاقائی صدر موہت بینوال کے ساتھ بھی ان کی اس سلسلہ میںمیٹنگ ہوچکی ہے،
لیکن آج سی ایم یوگی کے سامنے ان کی پارٹی میں واپسی نہیں ہوسکی ہے، جس کے سبب یہاں سیاسی حلقوں میں چہ مہ گوئیاں شروع ہوگئی ہیں، حالانکہ بتایاجارہاہے دو تین دن کے اندر وہ بی جے پی کے صوبائی صدر بھوپیندر چودھری کے سامنے پارٹی میں واپسی کرینگے۔
 انہوں نے اس سلسلہ میں سہارنپور میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی ہے، لیکن آج بی جے پی میں شامل نہ ہونے پر انہیں بھی گہرا دھکا لگاہے۔
 واضح رہے کہ سال 2002ء 2007ئ،2012؍ اور 2017ء میں وہ مسلسل چار مرتبہ نکوڑ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، پہلے تین مرتبہ وہ بی ایس پی کے امیدوار کے طور پر جیتے جبکہ 2017ء میں وہ بی ایس پی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے اور جیت درج کی تھی ،
لیکن سال 2022؍ میں وہ بی جے پی کو الوداع کہہ کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہوگئے اور انہیں پانچویں مرتبہ میں اپنی سیٹ سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے،انہیں محض 315؍ ووٹوں سے بی جے پی کے مکیش چودھری نے شکست دی تھی،دو مرتبہ انہوں نے اس سیٹ سے عمران مسعود کو شکست دی ہے، وہ مایاوتی کے دور اقتدار میں بھی کابینہ وزیر تعلیم رہے ہیں جبکہ پچھلی یوگی سرکار میں انہیں آیوش منتری بنایاگیاتھا۔
 ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کو بی جے پی چھوڑنے کا بہت ملال ہے، وہ کہتے ہیں انہیں بی جے پی چھوڑنے کا بہت افسوس ہواہے لیکن اب وہ اپنے گھر واپسی کرنا چاہتے ہیں ،لیکن اچانک تمام تیاریوں کے باوجود آج کھتولی میں ان کی پارٹی میں واپسی نہیں ہوسکی ہے،
جس سے انہیں اور ان کے حامیوں میں گہرا دھچکالگاہے۔بتایا جارہاہے ان کے آیوش وزیر رہتے میڈیکل کالجوں میں داخلہ کو لیکر ایک بڑا گھوٹالہ سامنے آیا تھا،جس میں سرکارکارروائی کررہی ہے، ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کے قدم کو اس نظریہ سے بھی دیکھا جارہاہے۔