چندرا پور :۔27؍نومبر
(زیڈ این ایم ایس)
مہاراشٹر کے چندرا پور میں بلارشاہ ریلوے اسٹیشن پر فٹ اوور برج کا ایک حصہ اتوار کو منہدم ہوگیا۔ اس دوران پل سے گزرنے والے کچھ مسافر 60 فٹ کی بلندی سے سیدھے ریلوے ٹریک پر گر گئے۔ میڈیا رپورٹس میں 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریلوے نے 4 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ ساتھ ہی خبر رساں ایجنسی نے 13 زخمیوں کی اطلاع دی ہے۔یہ حادثہ شام 5.10 بجے پیش آیا، بلارشاہ ۔ اچانک پل کے بیچوں بیچ سلیب کا ایک حصہ گر گیا، جس سے وہاں سے گزرنے والے مسافر پٹریوں پر گر گئے۔
واقعے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر کہرام مچ گیا۔ اسٹیشن پر موجود مسافروں نے زخمیوں کو ٹریک سے اٹھایا۔ بڑی بات یہ ہے کہ حادثے کے وقت ٹریک پر کوئی ٹرین نہیں تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام نے پلیٹ فارم پر آنے والی ٹرینوں کو روک دیا۔
زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں کسی کی موت کی کوئی خبر نہیں ہے۔سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (سی پی آر او) شیواجی سوتار نے کہا کہ ریلوے نے شدید زخمی مسافروں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 50،000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
۔ بلار شاہ ریلوے اسٹیشن ریاست تلنگانہ کی طرف جانے والے راستے پر چندر پور ضلع کا آخری جنکشن ہے۔ 2014 میں بلار شاہ اسٹیشن کو ملک کا نمبر 1 ریلوے اسٹیشن ہونے کا اعزاز ملا۔ اس وقت مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت تھی۔