حیدرآباد۔اچم پٹ کے سابق بی آر ایس رکن اسمبلی گُووالا بال راجو کی بی جے پی میں شمولیت
حیدرآباد:۔10؍اگست
(زین نیوز )
تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اچم پٹ کے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی گُووالا بال راجو نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وہ حیدرآباد میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ رام چندر راؤ نے انہیں کُنڈوا اوڑھا کر خوش آمدید کہا اور رکنیت بھی فراہم کی۔
حال ہی میں گُووالا بال راجو نے بی آر ایس سے استعفیٰ دیا تھا۔شمولیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گُووالا بال راجو نے کہا کہ وہ بی جے پی میں اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز ایک عام کارکن کی حیثیت سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کے تحفظ اور بدعنوانی سے پاک سماج کے قیام کیلئے سرگرم ہے اور وہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔
دو دہائیوں تک بی آر ایس میں ایک مخلص کارکن کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور اسی عزم و حوصلے کے ساتھ بی جے پی میں بھی خدمات جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی تبدیل کرنے کے کئی اسباب ہیں۔ کارکنوں کو اطلاع دیے بغیر بی آر ایس سے استعفیٰ دینے پر اچمپٹ کے عوام سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اگر وہ قبل از وقت پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے تو بی آر ایس “پلان بی” نافذ کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی، اسی لیے خاموشی سے استعفیٰ دیا۔گُووالا بال راجو نے مزید کہا کہ ان کا بی جے پی ریاستی صدر رام چندر راؤ سے کئی برسوں کا تعلق ہے اور وہ اپنے نظریے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہی جذبہ وہ بھی برقرار رکھیں گے۔
