فیض آباد، الہ آبا کے بعد غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کی تیاری
کارپوریشن بورڈ کی تجویز یوگی حکومت کو روانہ
غازی آباد:۔9؍جنوری
(زین نیوز ڈیسک)

کے شہروں کے نام بدلنے میں مصروف یوگی حکومت اب غازی آباد ضلع کا نام بھی تبدیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ فیض آباد (ایودھیا)، الہ آباد (پریاگ) کے بعد غازی آباد اب تیسرا ضلع ہوگا جسے جلد ہی نئی شناخت مل سکتی ہے۔
غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کافی پرانا ہے، لیکن اب میونسپل بورڈ کی میٹنگ میں اس پر سنجیدگی سے بحث ہوئی ہے
غازی آباد میونسپل کارپوریشن کی بورڈ میٹنگ میں اس تجویز پر بحث کے بعد قرار داد کی منظور کی گئی اور اسے حکومت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میئر سنیتا دیال نے کہا کہ یہ تجویز حکومت کو بھیجی جائے گی۔
انہوں نے نئے نام کے حوالے سے کہاکہ گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال دی ہے۔ سنیتا نے کہا کہ حکومت ضلع کا کیا نام رکھے گی اس کا فیصلہ وہیں سے کیا جائے گا۔
حکومت ضلع کو کس نام سے موسوم کرے گی اس کا فیصلہ وہیں سے ہوگا۔ بی جے پی کونسلر سنجے کمار سنگھ نے غازی آباد ضلع کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ غازی آباد کا نام بدل کر گج نگر یا ہر نندی نگر کر دیا جائے۔
غازی آباد کے دودھیشور ناتھ مندر کے مہنت نارائن گری نے جولائی 2022 میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی تھی اور ضلع کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ہندو تنظیمیں طویل عرصے سے غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے گجپرستھ، ہرانندی پورم یا دودھیشورارتھا نگر کا نام تجویز کیا تھا۔ مانا جا رہا ہے کہ حکومت ان تمام آپشنز پر غور کرنے کے بعد کوئی فیصلہ لے سکتی ہے۔
غازی آباد کا موجودہ نام مغلیہ دور حکومت میں پڑا۔ دریائے ہند کے کنارے واقع اس شہر کا نام مغل بادشاہ اورنگ زیب کے دور میں 1740 میں نواب غازی الدین کے نام پر رکھا گیا تھا۔
غازی آباد ضلع کی سرکاری ویب سائٹ بتاتی ہے کہ اس جگہ کی بنیاد وزیر غازی الدین نے 1740 میں رکھی تھی۔ پھر اسے غازی الدین نگر کہا جاتا تھا۔ تاہم ریلوے لائن کھلنے کے بعد اس جگہ کا نام مختصر کرکے غازی آباد رکھ دیا گیا۔
حالیہ دنوں میں کئی بار غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مہابھارت کے دور میں یہ ہستینا پور کا ایک حصہ تھا۔
دارالحکومت دہلی سے متصل غازی آباد، اتر پردیش کے میرٹھ، گوتم بدھ نگر، ہاپوڑ اور بلند شہر جیسے اضلاع سے متصل ہے۔ دریائے ہندن کے دونوں کناروں پر گنجان آباد، غازی آباد کی آبادی 2011 کی مردم شماری کے مطابق 46 لاکھ سے زیادہ ہے۔ آبادی کے لحاظ سے یہ ملک کا 28 واں بڑا ضلع ہے۔