انسٹاگرام ریل شوٹنگ کرنے کے دوران چلتی ٹرین کی زد میں آکر مدرسہ کا طالب علم جاں بحق

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات
انسٹاگرام ریل شوٹنگ کرنے کے دوران چلتی ٹرین کی زد میں آکر مدرسہ کا طالب علم جاں بحق
حیدرآباد:۔6؍مئی
(عمران زین)
نوجوان ‘ لڑکے اور لڑکیوں میں انسٹاگرام‘ یوٹیوب ریلز ‘سیلفی لینے کاشوق لوگوں کے ذہنوں پر جنون کی حد تک سوار ہے ‘مانا کہ تصویریں ‘ ویڈیوز ‘یادیں تازہ کرتی ہیں لیکن آج کل یہ یادوں کے لیے کم اور خود نمائی کے لیے زیادہ استعمال ہورہی ہیں۔
 لوگ شہرت کی خاطر خطرناک ‘ویڈیوز ‘ ریلز‘ اور سیلفی لینےکی کوشش میں اپنی جان تک سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اسی سیلفی ‘ ریلز اور ویڈیوز کے شوق نے کئی لوگوںکے زندگی کے چراغ گل کردیئے ہیں۔
 ایسے ہی ایک واقعہ میں حیدرآباد میں پیش آیا جہاں ایک 16؍ سالہ ایک عربی مدرسہ کے طالب علم محمد سرفراز جمعہ کو اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کےرحمت نگر کےسری رام نگر کا رہنے والا مدرسہ کا طالب علم جو مبینہ طور پر پس منظر میں تیز رفتار ٹرین کے ساتھ انسٹاگرام ریل شوٹ کرنے کے دوران صنعت نگر میں ریلوے پٹریوں پر ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
وہ اپنے دو دوستوں کے ساتھ ایک انسٹاگرام ریل کے لیے ایک ویڈیو شوٹ کر رہا تھا۔ریلوے پٹریوں کے قریب سرفراز جس کی پیٹھ قریب آنے والی ٹرین کی طرف تھی چلتی ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
سرفراز کے دوست خود کو بچانے کے لیے وہاں سے چلے گئے، سرفراز ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب شیئر کی گئی
متوفی کے والد نے بتایا کہ وہ جمعہ کی نماز کے لیے گھر سے نکلا تھا اور چند گھنٹے بعد اس کے دو ہم جماعت مزمل اور سہیل گھر آئے اور اسے اطلاع دی کہ وہ بے ہوش ہو گیا ہے۔
جب وہ موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ اس کا بیٹا مردہ پڑا ہے۔ ریلوے پولیس نےنعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی۔