مورتی کی بے حرمتی پر سکندرآباد میں کشیدگی
حیدرآباد:۔14؍اکتوبر
(زین نیوز )
سکندرآباد میں پیر کے روز ایک مندر میں ایک مورتی کو نقصان پہنچانے کے بعد ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی اور لوگوں کی بڑی تعدادمندرکے احاطے کے قریب جمع ہوکر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دائیں بازو کے کارکنوں نے ایک مندر کی بے حرمتی اور مورتیوں کو نقصان پہنچانے کے خلاف احتجاج کیا۔
اطلاعات کے مطابق صبح 3 بجے ایک شخص دروازہ توڑ کر مندر کے احاطے میں داخل ہوا اور متھیالاما مندر میں ایک مورتی کو نقصان پہنچایا۔اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔
اس شخص کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مقامی لوگوں نے ایک شخص کو پکڑا، جو مبینہ طور پر اس واقعے کا ذمہ دار تھا، اس کی پٹائی کی اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ کرما گوڈا میں پاسپورٹ آفس کے قریب پیش آئے اس واقعہ نے کشیدگی کو جنم دیا۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نے میڈیاکو بتایا کہ متھیالما مندر میں مبینہ طور پر مورتی کی توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور اس واقعہ کے سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور مزید تفتیش جاری ہے۔
مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے متی لما مندر کا دورہ کیا اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر نے مندر کمیٹی اور مقامی لوگوں سے بھی بات کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد مندر کے قریب جمع ہوئی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
کشن ریڈی نے مطالبہ کیا کہ میں اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں اور مورتی کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ ہندو مندروں کو تحفظ فراہم کرنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔مندر کے قریب بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات تھے۔