منی پور میں قبائلی مظاہروں کے دوران تشدد: 8 اضلاع میں کرفیو، 7500 افراد ریلیف کیمپوں میں منتقل
فوج تعینات۔میری کوم نے پی ایم مودی سے مدد مانگی۔
نئی دہلی :۔4؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
منی پور میں بدھ کو قبائلی احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا۔ اس کے بعد ریاست کے 8 اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس 5 دن کے لیے معطل ہے۔ فوج اور آسام رائفلز کو تعینات کیا گیا ہے۔ 7 ہزار 500 افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ سے فون پر بات کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ بیرن سنگھ نے آج صبح ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
آل انڈیا ٹرائبل اسٹوڈنٹ یونین نے بدھ کو قبائلی یکجہتی مارچ کی کال دی تھی۔ اس دوران قبائلی اور غیر قبائلی برادریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ قبائلی برادری اس مطالبے کے خلاف احتجاج کر رہی تھی کہ غیر قبائلی میتی برادری کو شیڈول ٹرائب (ST) کا درجہ دیا جائے۔
منی پور ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ میتی کمیونٹی کے مطالبے پر غور کرے اور 4 ماہ کے اندر مرکز کو سفارشات بھیجے۔ اس حکم کے بعد قبائلیوں اور غیر قبائل کے درمیان تشدد شروع ہو گیا۔
باکسر میری کوم نے شیئر کی تصاویر، لکھا میری ریاست جل رہی ہے۔خواتین کی باکسنگ میں ہندوستان کے لیے اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والی میری کوم نے تشدد کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تصاویر کب اور کہاں لی گئیں۔ انہوں نے لکھا میری ریاست جل رہی ہے۔ میری کوم نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ تشدد میں کچھ لوگوں نے اپنے خاندان کے افراد کو کھو دیا۔
تشدد کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔پولیس کاکہنا ہے کہ قبائلیوں کے مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس دوران قبائلیوں اور غیر قبائلیوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے کئی راؤنڈ فائر بھی کیے تاہم تشدد تھمنے میں نہیں آیا۔
اس کے بعد فوج اور آسام رائفلز کو بلایا گیا۔ ریاست کے امپھال ویسٹ، کاکچنگ تھوبل، جیریبام، بشنو پور، چورا چند پور، کانگپوکپی اور ٹینگنوپال میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کی پانچ کمپنیاں دارالحکومت امپھال بھیجی گئی ہیں۔ منی پور میں سی آر پی ایف کی تقریباً 15 کمپنیاں پہلے سے موجود ہیں۔ اضافی فورس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
میری کوم نے پی ایم مودی سے مدد مانگی۔ہندوستانی خاتون باکسر میری کوم نے ٹوئٹ کرکے وزیراعظم نریندر مودی سے مدد کی اپیل کی ہے۔ میری کوم نے سہ پہر تین بجے اپنی ٹویٹر وال پر لکھا کہ میری ریاست منی پور جل رہی ہے۔ براہ کرم مدد کریں۔
اس ٹویٹ میں، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعظم کے دفتر، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو ٹیگ کرتے ہوئے منی پور میں آتشزدگی کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
