اندراما ہاؤسنگ اسکیم میں بے ضابطگیاں۔میونسپل کمشنر پر من مانی الاٹمنٹ کا الزام
جیون ریڈی کا جگتیال میونسپل آفس کے سامنے دھرنا
جگتیال:۔ 16 اکتوبر
(زین نیوز)
تلنگانہ کے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما ٹی جیون ریڈی نے اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اندرا بھو ن سے ایک ریالی کی شکل میں جگتیال میونسپل آفس پہنچ کر سامنے دھرنا دیا اور انتظامیہ کے طرزِ عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی لاپرواہی اور من مانی کے باعث حکومت کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ مسٹرجیون ریڈی نے الزام لگایا کہ میونسپل کمشنر نے بغیر اطلاع کے وارڈ سبھائیں منعقد کر کے صرف چند افراد کو مکانات الاٹ کیے، جبکہ بیشتر مستحقین کو نظر انداز کر دیا گیا۔ احتجاج کے دوران جیون ریڈی نے حکام سے سوال کیا کہ قواعد کے برخلاف وارڈ سبھائیں کس بنیاد پر بلائی گئیں اور مستحقین و غیر مستحقین کی فہرستیں اب تک عوامی طور پر جاری کیوں نہیں کی گئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اہل مستحقین کو اندراما اسکیم کے تحت مکانات دیے جائیں اور ڈبل بیڈروم اسکیم کی تعمیر کے دوران زمین کھو دینے والے خاندانوں کو ترجیح دی جائے۔سابق وزیر نے کہا کہ ریونیو اور ہاؤسنگ محکموں سے تفصیلی رپورٹ حاصل کر کے اہل امیدواروں کی ازسرِنو نشاندہی کی جائے اور شہری حدود کے تمام وارڈوں میں دوبارہ وارڈ سبھائیں منعقد کی جائیں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق، جیون ریڈی کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی میونسپل عملے نے دفتر کے دروازے بند کر کے اندر سے کام انجام دیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی دھرنے میں شرکت کی اور حکومت و بلدیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔
بعد ازاں، جیون ریڈی نے کمشنر کو ایک تحریری یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے قواعد کے مطابق وارڈ سبھائیں منعقد کرنے اور تمام مستحقین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر کانگریس قائدین کوتہ موہن‘ ٹی پی سی سی سکریٹری بنڈ ہ شنکر‘ سابق چیئر پرسن مسز وجیہ لکشمی دیویندر‘ کونسلر انوملہ جیا شری‘ کے درگیا،محمد مکثر علی نہال‘ محمد حبیب الدین‘شیخ چاند پاشاہ‘ پلی رامو‘نکہ جیون‘کنڈہ مدھو ‘ راجیش‘ رگھو‘ مہپال‘ ناگیندر‘ اور دیگر کانگریس قائدین موجودتھے
