جگتیال میں ’اسلامک شرعی کونسل‘ کا باضابطہ قیام، علماء کرام کا اہم اقدا م

تازہ خبر تلنگانہ

جگتیال میں ’اسلامک شرعی کونسل‘ کا باضابطہ قیام، علماء کرام کا اہم اقدا م
علماء کرام امت کے مسائل کی یکسوئی کے لیے آگے آئیں: مفتی معز شامزی
جگتیال:۔16/نومبر
(زین نیوز رپورٹر)

موجودہ دور میں امت مسلمہ کو مختلف نوعیت کے دینی، شرعی، معاشرتی اور عائلی مسائل، بالخصوص میاں بیوی کے درمیان اختلافات، خاندانی تنازعات اور وراثت سے متعلق معاملات کا سامنا ہے۔ ان مسائل کی شرعی اصولوں کے مطابق رہنمائی اور یکسوئی کے لیے جگہ جگہ دارالقضاء اور شریعت کے اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایسے ادارے امت کے ساتھ ہمدردی اور خیرخواہی کے جذبے کے تحت قرآن و سنت کی روشنی میں مسائل کے حل اور معاشرتی اصلاح میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مفتی عبدالمعیز شامزی، امام و خطیب بسم اللہ مسجد مٹ پلی و صدر دینی تعلیمی بورڈ ضلع جگتیال نے شہر میں ’اسلامک شرعی کونسل جگتیال‘ کے قیام کے سلسلے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہر جگتیال کی دینی و ملی ضروریات اور موجودہ حالات کے پیش نظر پیر 16 نومبر 2026ء کو سٹی جمعیۃ علماء جگتیال کے دفتر پر شہر کے علماء کرام اور حفاظ عظام کی ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں اسلامک شرعی کونسل کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر مفتی محمد صدیق احمد الحسنی کو کونسل کا چیئرمین، جبکہ مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب الحسنی اور مفتی عبدالمعیز شامزی کو سرپرست مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے علماء کرام اور حفاظ عظام پر مشتمل کونسل کے اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا۔مفتی عبدالمعیز شامزی نے کہا کہ جگتیال ضلع کا صدر مقام ہے اور یہاں گزشتہ کئی برسوں سے اس نوعیت کی مثبت کوششیں ہوتی رہی ہیں۔

الحمدللہ، اس مرتبہ مقامی علماء کرام نے متفقہ طور پر اسلامی شریعت کونسل کے قیام کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے اس ذمہ داری کو سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کونسل میں بیشتر مفتیان کرام شامل ہیں، جنہیں شرعی مسائل کی تفہیم، فریقین کی بات سننے اور تنازعات کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کا طویل تجربہ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کے مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کوئی عالمِ دین مستقل وقت مختص کرتے ہوئے عوام کے مسائل اور درخواستوں کی سماعت کرے۔ اسی مقصد کے تحت مولانا مصد ق الحسنی روزانہ صبح 10 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک سٹی جمعیۃ علماء کے دفتر میں دستیاب رہیں گے، جہاں عوام اپنے شرعی مسائل کے حل اور رہنمائی کے لیے رجوع کرسکتے ہیں۔

سٹی جمعیۃ علماء کے جنرل سکریٹری حافظ محمد اسلم رشیدی نے اسلامک شرعی کونسل کے قیام کی غرض و غایت اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو درپیش دینی، شرعی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ایسے منظم ادارے کا قیام ناگزیر ہے، جو عوام کو مستند شرعی رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ خاندانی تنازعات اور دیگر مسائل کی یکسوئی میں اپنا کردار ادا کرے۔
کونسل کے قیام کے بنیادی مقاصد میں قرآن و سنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں عوام کو شرعی رہنمائی فراہم کرنا، نکاح و طلاق اور دیگر عائلی مسائل میں درست رہنمائی، خاندانی تنازعات کی اصلاح و مصالحت، معاشرتی برائیوں کی روک تھام اور ملت اسلامیہ کو درپیش دینی و ملی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور منظم کوششیں کرنا شامل ہیں۔

اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرتی اور خاندانی تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم، حکمت و بصیرت اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کونسل عوام اور علماء کرام کے درمیان مؤثر رابطے کا ذریعہ بننے کے ساتھ شرعی مسائل میں مستند رہنمائی فراہم کرے گی۔اس موقع پر کونسل کے اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا، جن میں حافظ سید شمس الدین (تبریز)، حافظ محمد اسلم رشیدی، مفتی محمد خلیل الدین، مفتی محمد فرقان قاسمی، حافظ قاضی محمد اجمل، مولانا مصدق الحسنی، مولانا ماجد علی ندوی، حافظ سید ابرار شریف، مولانا عبدالرحمن حسامی، حافظ محمد انصار خان، حافظ انور احمد الحسنی، حافظ محمد فاروق اور حافظ محمد ظفر ‘ حافظ محمد ساجد نعمانی ‘شامل ہیں۔

علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلامک شرعی کونسل جگتیال اپنے طے شدہ اصول و ضوابط اور لائحۂ عمل کے تحت ملت اسلامیہ کی دینی و شرعی رہنمائی کے لیے خدمات انجام دے گی۔ اس کے ذریعے شہر اور اطراف کے علاقوں میں دینی شعور بیدار کرنے، اصلاحِ معاشرہ اور امت کے اجتماعی مسائل کی یکسوئی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔مفتی عبدالمعیز شامزی نے عوام سے اپیل کی کہ جو حضرات ازدواجی، خاندانی، وراثتی یا دیگر شرعی مسائل سے دوچار ہیں اور علماء کرام کی نگرانی میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنے معاملات کا حل چاہتے ہیں، وہ اسلامک شرعی کونسل سے رجوع کریں اور اس دینی و اصلاحی خدمت سے بھرپور استفادہ کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ علماء و حفاظ کے اس مشترکہ اقدام سے جگتیال اور اطراف کے علاقوں میں شرعی رہنمائی، معاشرتی اصلاح اور باہمی تنازعات کی یکسوئی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم میسر آئے گا۔