تلنگانہ : ماچاریڈی منڈل میں غیر قانونی شراب کے خلاف محکمہ آبکاری کے دھاوے
،10 لیٹر دیسی شراب ضبط، 200 لیٹر گڑ کا محلول تلف، ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج
کاماریڈی، 19 نومبر
(سید کوثر علی کی رپورٹ)
ضلع کاماریڈی کے ماچاریڈی منڈل میں غیر قانونی شراب کی تیاری اور فروخت کے خلاف محکمہ آبکاری، انفورسمنٹ اور ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر دھاوے انجام دیے۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے 10 لیٹر غیر قانونی دیسی شراب ضبط کی گئی، جبکہ شراب کی تیاری کے لیے تیار کردہ 200 لیٹر گڑ کے محلول کو تلف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر انفورسمنٹ نظام آباد کی ہدایت پر 19 نومبر کو نظام آباد انفورسمنٹ عملہ، کاماریڈی ایکسائز عملہ اور کاماریڈی ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے مشترکہ منصوبہ بندی کے تحت ماچاریڈی منڈل کے مختلف مواضعات میں اچانک دھاوے کیے۔اس دوران مائسما چیروو تانڈہ میں پانچ لیٹر دیسی شراب ضبط کی گئی۔
اسی طرح سوموار پیٹ گاؤں میں بھی پانچ لیٹر غیر قانونی شراب ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔علاوہ ازیں سوموار پیٹ گاؤں کے مضافاتی علاقے میں شراب کی تیاری کے لیے ذخیرہ کیا گیا 200 لیٹر گڑ کا محلول بھی عہدیداروں نے برآمد کرتے ہوئے مکمل طور پر تلف کردیا۔
اس خصوصی کارروائی میں کاماریڈی ڈی ٹی ایف سی آئی وی۔ سرینواسولو، انفورسمنٹ ایس آئی روی، کاماریڈی ایکسائز ایس آئی سرینواس راؤ اور متعلقہ محکموں کے عملے نے حصہ لیا۔محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے غیر قانونی شراب کی تیاری اور فروخت کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے تحت یہ مشترکہ دھاوے انجام دیے۔

