حیدرآباد:۔28؍جنوری
(زین نیوزبیورو)
تلنگانہ بی جے پی کے سرکاری ترجمان این وی سبھاش نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤکو طاقت اور پیسے کے نشے میں مست ہو کر آئین اور عدلیہ کی خلاف ورزی کرنے والا شخص قرار دیا۔
ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد بھی چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں یوم جمہوریہ پریڈ منانے اور اس کا اہتمام کرنے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس پریڈ میں ترقیاتی کام دکھانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
عام طور پر تمام ریاستوں نے اپنے ترقیاتی کاموں کو پرکشش ٹیبلوز کے ساتھ دکھایا لیکن بی آر ایس حکومت کے پاس اپنے کام دکھانے کیلئے کچھ نہیں تھایہی وجہ ہوگی کہ پریڈکو منسوخ کیا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ تلنگانہ کے لوگوں کو یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔
بی اے پی ترجمان نے کہا کہ آئینی عہدے کا احترام کرنے کے بجائے کے سی آر نے مرکز کے ساتھ محاذ آرائی کا رویہ اپنایا ہے جو ان کی تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔کے سی آر کے اس تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ اگر بی آر ایس کو ووٹ دیا جاتا ہے تو وہ تلنگانہ ماڈل کو پورے ملک میں نافذ کریں گے،
سبھاش نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام پہلے ہی ان کے ماڈل کو مسترد کر چکے ہیں اوروہ انتخابات میں بی آر ایس حکومت کی بدعنوان اور خاندانی حکمرانی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔سبھاش نے الزام لگایا کہ یہ چیف منسٹرکی عادت رہی کہ وہ قدرتی وسائل اور عوام کو ناقابل عمل لمبے وعدوں سمیت مبالغہ آمیز اعدادوشمارکے ذریعہ دن میں تارے دکھاتے ہیں اور بعد میں اسے فراموش کرتے ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ وہ لیڈر جو بہتر سیاسی پوزیشن کیلئے بی آر ایس میں شامل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں انتخابات کے بعد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا۔ ٹی آر ایس بی آر ایس بن گئی جس کا واحد مقصد ملک کی ترقی نہیں بلکہ کے سی آر کی سیاسی خواہش کو پورا کرنا ہے جو ان کی استطاعت سے باہر ہے۔ انہوں نے طنز کیا کہ یہ ایک دن کا خواب دیکھنے کے مترادف ہے۔
