آندھرا میں پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکہ، 7؍فراد ہلاک
ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ۔ کئی مزدوروں کی حالت نازک
حیدرآباد:۔8؍اکتوبر
(زین نیوز)
آندھرا پردیش کے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کوناسیما ضلع کے رایاورم کے قریب بدھ کے روز ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں اچانک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔حادثے میں سات افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق چھ مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کے مطابق، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی مزدور جھلسنے کے باعث نازک حالت میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق فوت ہونے والوں میں ’سری گنپتی گرینڈ فائر ورکس‘ کے مالک، ویلگو بٹلا ستیہ نارائن مورتی بھی شامل ہیں، جو گزشتہ 70 برس سے پٹاخہ سازی کے شعبے سے وابستہ تھے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی انپرتی کے ایم ایل اے نلمیلی رام کرشنا ریڈی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
انہوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ تروپو گوداوری اور کوناسیما اضلاع کی سرحد پر پیش آیا ہے۔ ستیہ نارائن مورتی ایک تجربہ کار کاریگر تھے ان کی موت افسوسناک ہےانہوں نے مزید کہا کہ فیکٹری میں تمام قانونی تقاضوں اور حفاظتی اصولوں کی پابندی کی جاتی تھی، اور حالیہ سرکاری معائنہ میں بھی اس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اس کے باوجود ایسا سانحہ ہونا انتہائی دکھ کی بات ہے۔ایم ایل اے نے بتایا کہ ریاستی وزیر داخلہ ونگلاپُوڈی انیتا بھی جلد جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں گی۔ انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
