جگتیال میونسپلٹی میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں
بغیر ایگریمنٹ و ٹینڈر جاری ترقیاتی کام: جیون ریڈی کا الزام
چیف منسٹر ریوَنت ریڈی کو مراسلہ روانہ، کلکٹر سے تحقیقات کا مطالبہ
جگتیال:۔18؍جولائی
(زین نیوز)
سینئر کانگریس لیڈر وسابق وزیرٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ جگتیال میونسپلٹی میں بغیر کسی ایگریمنٹ اور ٹینڈر کے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں، جس سے نہ صرف ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے بلکہ مقامی ٹھیکیداروں کے حقوق بھی پامال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عمل کو شفاف حکمرانی کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔جیون ریڈی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15.6 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کو ایک ہی پیکیج میں شامل کرکے صرف اُن ٹھیکیداروں کو موقع دیا گیا جن کے پاس ہاٹ مکس یا ویٹ مکس پلانٹس موجود ہیں، جب کہ مقامی ٹھیکیداروں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا میونسپل حکام نے باضابطہ منظوری دی ہے یا پھر کام بغیر اجازت کے جاری ہیں؟”کیا کوئی ‘گوری شنکر انفرا لمیٹڈ’ نامی کمپنی قانون سے بالاتر ہے؟”انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ورک آرڈر اور ایگریمنٹ کے کاموں کا آغاز ان کے طویل سیاسی کیریئر میں پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔
جیون ریڈی نے مطالبہ کیا کہ ضلع کلکٹر فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور جو بھی حکام یا ٹھیکیدار اس میں ملوث ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ساری صورتحال پر تفصیلی مراسلے کے ذریعے وزیر اعلیٰ ریوَنت ریڈی کے علم میں لا رہے ہیں۔انہوں نے میونسپل اور انجینئرنگ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ اگر واقعی کوئی ایگریمنٹ یا ورک آرڈر موجود ہے تو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے۔
قبل ازیں، اندرا بھون جگتیال میں اے آئی سی سی صدر ملوکارجن کھڑگے کی سالگرہ کی تقریب سابق وزیر جیون ریڈی کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں کیک کاٹا گیا اور "کھرگے زندہ باد، راہل گاندھی زندہ باد” کے نعرے لگائے گئے۔
اس موقع پر بنڈا شنکر، کے۔ درگیا،، شیخ چاند پاشا، محمد سراج الدین منصور، منّا، محمدمکثرنہال، گاجولا راجندر، جنو راجندر، کونڈرا جگن، پورن چندر ریڈی پپالا اشوک، رگھو، رجنی کانت، گنڈو مدھو، ہریش، راجیش، پردیپ، ابھی، سائی سمیت دیگر کانگریس قائدین نے شرکت کی۔