tn-minister-ponmudy-

تمل ناڈو کے وزیر اور ان کی اہلیہ کو 3 سال قید کی سزا

تازہ خبر قومی
تمل ناڈو کے وزیر اور ان کی اہلیہ کو 3 سال قید کی سزا
 غیر متناسب اثاثوں کے جرم پر عدالت کا فیصلہ
چنئی:۔21؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
مدراس ہائی کورٹ نے 21 دسمبر کو تمل ناڈو کے سابق اعلیٰ تعلیم کے وزیر کے پونموڈی اور ان کی اہلیہ کو غیر متناسب اثاثہ جات کیس میں تین سال قید کی سزا سنائی۔
 عدالت نے دونوں پر پچاس پچاس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ دونوں کو 1.75 کروڑ روپے کے غیر متناسب اثاثوں کے معاملے میں قصوروار پایا گیا تھا۔
کیس میں عدالت کے فیصلے کے بعد پونموڈی ایم ایل اے کے عہدے کے لیے نااہل ہو گئے ہیں۔ وہ اپنا وزارتی عہدہ بھی کھو بیٹھے۔ اس معاملے میں عدالت کے فیصلے تک وہ ہائیر ایجوکیشن کے وزیر تھے۔ اب یہ محکمہ پسماندہ طبقے کے بہبود کے وزیر آر ایس راجکنپن کو دیا گیا ہے۔
تمل ناڈو کے راج بھون سے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے یہ جانکاری دی گئی۔ بتایا گیا کہ چیف منسٹر اسٹالن نے گورنر آر این روی سے اس کی سفارش کی تھی جسے راج بھون نے منظور کرلیا۔
عدالت نے خودسپردگی کے لیے 30 دن کا وقت دیا۔یہ فیصلہ جسٹس جی جے چندرن نے دیا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملزم این آر ایلنگو کے وکیل نے اپیل کی، میرے موکل کی سزا 30 دن کے لیے معطل کی جائے۔ تاکہ وہ سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر سکیں۔
ہائی کورٹ نے ان کی اپیل منظور کر لی۔ اس نے یہ بھی کہا کہ معطلی کی مدت پوری ہونے کے بعد، اسے ولوپورم کی ٹرائل کورٹ میں خودسپردگی کرنی ہوگی۔
2016 میں سیشن کورٹ نےثبوت کی کمی کی وجہ سے کے پونموڈی اور ان کی اہلیہ کو اس کیس میں بری کر دیا تھا۔ 19 دسمبر کو عدالت نے نچلی عدالت کے فیصلے کو پلٹ دیا اور دونوں کو مجرم قرار دیا۔ پھر عدالت نے کہا کہ سزا کا اعلان ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔
یہ کیس 2002 میں درج کیا گیا تھا۔
سال 2002 میں ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ (DVAC) نے کے پونموڈی اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
 اس وقت ریاست میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی حکومت تھی، ڈی وی اے سی نے دعویٰ کیا کہ کے پونموڈی نے 1996-2001 تک ریاستی حکومت میں وزیر کے عہدے پر رہتے ہوئے غیر قانونی جائیداد بنائی۔