مدھیہ پردیش کے نئےچیف منسٹر موہن یادو ہوں گے

تازہ خبر قومی
مدھیہ پردیش کے نئے چیف منسٹر موہن یادو ہوں گے
 چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ کے نام پر بھی مہر ثبت  
راجستھان کے سی ایم کا انتخاب زیر التواء
بھوپال:۔11؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
بی جے پی نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے نام کو منظوری دے دی ہے۔ موہن یادوجو اُجین ساؤتھ سے ایم ایل اے ہیں۔ پارٹی نے موہن یادو کو ریاست کا نیا وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ بی جے پی کے نومنتخب ایم ایل ایز کی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ آج یعنی پیر کو منعقد ہوئی۔
 میٹنگ میں موہن یادو کو وزیر اعلی کے طور پر منظوری دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے 230 رکنی اسمبلی میں 163 سیٹیں جیت کر اقتدار برقرار رکھا ہے۔
مدھیہ پردیش کے نامزد وزیر اعلیٰ موہن یادو نے پیر کو گورنر منگو بھائی پٹیل سے ملاقات کی اور انہیں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر قرار دیئے جانے کے بعد اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
موہن یادو شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت میں وزیر تعلیم تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ سنگھ کے قریب ہیں اور انہوں نے اے بی وی پی کے ذریعے سیاست میں قدم رکھا ہے۔ موہن یادو کی حکومت میں دو نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
 جگدیش دیورا اور راجندر شکلا ان کی حکومت میں ڈپٹی سی ایم کے طور پر کام کریں گے۔ بی جے پی کے سابق مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر ایم پی اسمبلی کے اگلے اسپیکر ہوں گے۔
قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں مدھیہ پردیش کا وزیر اعلی منتخب ہونے کے بعد موہن یادو نے کہا کہ مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دینے کے لیے میں پی ایم مودی، امت شاہ، جے پی نڈا، شیوراج سنگھ چوہان، وی ڈی شرما کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
 انہوں نے کہا کہ یہ صرف بی جے پی پارٹی ہے جو مجھ جیسے چھوٹے کارکن کو اتنی بڑی ذمہ داری دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
میٹنگ میں بی جے پی کے تین مبصرین نے شرکت کی تھی۔اس سے پہلے مدھیہ پردیش میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کو لے کر بی جے پی میں منتھنی کا دور چل رہا تھا۔
 پیر کو بی جے پی کے تین مرکزی مبصرین بشمول ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، نو منتخب پارٹی ایم ایل اے کی میٹنگ میں شرکت کرنے اور ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرنے کے لیے بھوپال پہنچے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں وزیر اعلیٰ کے نام پرمہر ثبت کر دی ہےبی جے پی نے چھتیس گڑھ میں وشنو دیو سائی کو اپنا وزیر اعلیٰ بنایا۔ وہ قبائلی برادری سے آتے ہیں پسماندہ برادری کے بڑے لیڈر ہیں اور صاف ستھرے امیج بھی رکھتے ہیں۔ اب ایم پی میں بھی ایسا ہی دیکھنے کو ملا ہے۔
 پارٹی نے ایک بار پھر پسماندہ چہرے پر شرط لگائی ہے، او بی سی برادری سے تعلق رکھنے والے موہن یادو کو تاج پہنایا گیا ہے۔ طے شدہ حکمت عملی کے مطابق بی جے پی نے دونوں ریاستوں کے لیے پسماندہ طبقے سے اپنے لیڈر کا انتخاب کیا ہے۔
 اب پارٹی نے مدھیہ پردیش کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ اب صرف راجستھان کے سی ایم کی منظوری باقی ہے۔
یہاں شیوراج سنگھ چوہان کی حمایت میں پوسٹروں کے ذریعے ان کے حامی انہیں وزیراعلیٰ بنانے کی اپیل کر رہے تھے۔ جیوترادتیہ سندھیا کو بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے مضبوط دعویداروں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے مضبوط دعویداروں میں شیوراج سنگھ چوہان، نریندر سنگھ تومر، پرہلاد پٹیل، کیلاش وجے ورگیہ اور کئی دوسرے نام شامل تھے۔