مدھیہ پردیش: قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والے پرویش شکلا کے گھر پر بلڈوزر چلا
بھوپال:۔5؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں، انتظامیہ نے ایک قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے کے معاملے میں ملزم پرویش شکلا کے غیر قانونی قبضے پر بلڈوزر چلا دیا ہے۔ اس کا گھر مسمار کر دیا گیااسی کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ پیشاب کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا تھا۔
جے سی بی دیکھ کر ملزم پرویش کی ماں اور خالہ بے ہوش ہو گئیں۔ ملزم کی ماں نے روتے ہوئےعہدیداروں سے کہاکہ بیٹے نے غلط کیا ہے تو سزا دو۔ میرا گھر مت گراؤ میں نے بڑی مشکل سے یہ گھر بنایا ہے۔
لیکن انتظامیہ کی ٹیم بلڈوزر اور جے سی بی کے ذریعے مکان کو مسمار کرنے میں مصروف تھی۔سہاول کے ایس ڈی ایم آر پی ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ مکان میں کی گئی تقریباً ایک تہائی تعمیر غیر قانونی ہے، اسے گرایا جا رہا ہے۔۔اسی دوران محکمہ محصولات کے افسر سوربھ مشرا نے بتایا کہ فی الحال 400 مربع فٹ میں بنے غیر قانونی حصے کو منہدم کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے دفتر نے ٹوئٹ کرکے ملزم پرویش شکلا کے خلاف کارروائی کی جانکاری دی۔ وزیراعلیٰ کے دفتر نے ٹویٹ کر کے لکھا،کہ ملزم کے خلاف این ایس اے لگا دیا گیا ہے۔
بلڈوزر بھی شروع کر دیا گیا ہے اور ضرورت پڑی تو ماما جی مجرموں کو 10 فٹ زمین کے نیچے بھی دفن کر دیں گے۔ ماما جی کا پیغام صاف ہے۔ اس لیے غلط ارادے رکھنے والوں کو مدھیہ پردیش میں جرم کرنے سے پہلے 10 بار سوچنا چاہیے۔
#WATCH | Sidhi viral video | Accused Pravesh Shukla's illegal encroachment being bulldozed by the Administration.
HM Narottam Mishra had said that CM Shivraj Singh Chouhan has said that NSA will be registered against him.#MadhyaPradesh pic.twitter.com/PdW02UREzQ
— ANI MP/CG/Rajasthan (@ANI_MP_CG_RJ) July 5, 2023
درحقیقت دلیپ منڈل نامی صارف نے ٹویٹ کیا تھا کہ اگر اس معاملے میں بلڈوزر نہیں چلتا ہے تو سمجھا جائے گا کہ آپ میں انصاف کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور آپ برابری نہیں رکھتے۔ جس کے جواب میں سی ایم شیوراج سنگھ نے یہ بات کہی
پیشاب سکینڈل کے ملزم پرویش شکلا کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 294 اور 504 اور درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کانگریس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہے، لیکن حکمراں جماعت نے اس الزام کی تردید کی۔ جبکہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے بھی اس حرکت کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے ملزم کی جائیداد کو منہدم کرنے کا مطالبہ کیا۔