مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی آمیز ای میل بھیجنے پر تلنگانہ کا نوجوان گرفتار
400کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے 5 میل بھیجے تھے
حیدرآباد:۔4؍نومبر
(زین نیوز)
ممبئی پولیس نے ہفتہ کے روز ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرمکیش امبانی کومتعدد دھمکی آمیز ای میل بھیجنے پر تلنگانہ سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مہاراشٹر کی گام دیوی پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت 19 سالہ گنیش رمیش وانپاردھی کے طور پر کی گئی ہےپولیس کے مطابق اس نے شاداب خان کے نام سے میل بھیجی تھی۔ اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا اور 8 نومبر تک پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
ساتھ ہی اس معاملے میں دوسری گرفتاری کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ اے این آئی کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے گجرات کے گاندھی نگر سے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
مکیش امبانی کو 27 اکتوبر سے یکم نومبر تک شاداب خان کے فرضی نام سے جان سے مارنے کی دھمکیوں پر مشتمل پانچ ای میل بھیجے گئے تھے۔ اس میں 400 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ تمام دھمکیاں ایک ہی میل آئی ڈی سے موصول ہوئی تھیں۔
مانگ کی رقم 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 400 کروڑ روپے کر دی گئی۔امبانی کو 27 اکتوبر کو پہلی دھمکی آمیز میل موصول ہوئی۔ اس میں 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اگلے دن 28 اکتوبر کو ایک اور میل موصول ہوئی۔
اس میں رقم بڑھا کر 200 کروڑ روپے کر دی گئی۔ پھر 30 اکتوبر کو بھی ایک میل آیا، جس میں 400 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ میل میں کہا گیا کہ اگر رقم نہ ملی تو اسے ملک کے بہترین شوٹرز کے ہاتھوں قتل کر دیا جائے گا۔
گامدیوی پولیس اسٹیشن تحقیقات کر رہا ہے۔27 اکتوبر کو پہلا میل موصول ہونے کے بعد گام دیوی پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 387 اور 506 (2) کے تحت نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کی۔ اس سے پہلے بھی امبانی اور ان کے خاندان کو کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔
اسی وجہ سے گزشتہ سال 29 ستمبر کو مرکزی وزارت داخلہ نے ان کی سیکورٹی کو Z زمرہ سے بڑھا کر Z+ کر دیا تھا۔ مکیش امبانی سیکورٹی کے اخراجات ادا کرتے ہیں۔ یہ خرچہ 40 سے 45 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔
