مکیش امبانی کو دوسرے دن بھی جان سے مارنے دھمکی ملی
اس بار میل بھیجنے والے نے 200 کروڑ روپے مانگے
نئی دہلی:۔29؍اکتوبر
(زین نیوز ڈیسک)
بزنس مین مکیش امبانی کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ہفتہ کو موصولہ ای میل میں ایک نامعلوم شخص نے 200 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل جمعہ (27 اکتوبر) کی شام اسی میل آئی ڈی سے 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق میل میں کہا گیا کہ وہ ملک کے بہترین شوٹرز کے ہاتھوں مارے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق اسی اکاؤنٹ سے موصول ہونے والی میل میں لکھا ہے کہ ہماری ای میل کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اس لیے اب رقم 200 کروڑ روپے ہے
اگر یہ موصول نہ ہوئی تو ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کرنے پر غور کریں۔ اس سے قبل 27 اکتوبر کی ای میل میں لکھا تھا، ‘اگر آپ ہمیں 20 کروڑ روپے نہیں دیں گے تو ہم آپ کو مار ڈالیں گے،
ہمارے پاس ہندوستان میں بہترین شوٹر ہیں۔ یہ ای میل موصول ہونے کے بعد مکیش امبانی کے سیکورٹی انچارج کی شکایت کی بنیاد پر گام دیوی پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 387 اور 506 (2) کے تحت نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
اس سے پہلے بھی امبانی اور ان کے خاندان کو کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ اسی وجہ سے گزشتہ سال 29 ستمبر کو مرکزی وزارت داخلہ نے ان کی سیکوریٹی کو Z زمرہ سے بڑھا کر Z+ کر دیا تھا۔ مکیش امبانی سیکوریٹی کے اخراجات ادا کرتے ہیں۔ یہ خرچہ 40 سے 45 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔
10 جنوری 2023 کو ممبئی کے دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول کو بم کی دھمکی دی گئی۔ ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ شام 4.30 بجے اسکول کی لینڈ لائن پر کال آئی۔ فون کرنے والے نے اسکول میں ٹائم بم نصب کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کے بعد فون منقطع ہوگیا۔
5 اکتوبر 2022 کو ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال کو بم کی دھمکی ملی۔ ہسپتال کے لینڈ لائن نمبر پر ایک نامعلوم شخص کی طرف سے دو بار کال موصول ہوئی، جس میں کال کرنے والے نے امبانی خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
پہلی کال دوپہر ایک بجے اور دوسری کال شام پانچ بجے آئی۔ اس کے بعد اسپتال اور اینٹیلیا (مکیش امبانی کے گھر) کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی۔15 اگست 2022 کو مکیش امبانی کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئیں۔
ممبئی پولیس کے مطابق ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال کے ڈسپلے نمبر پر دھمکی آمیز فون کالز کی گئیں۔ فون کرنے والے نے دھمکی دی کہ اس کے پورے خاندان کو تین گھنٹے کے اندر تباہ کر دیا جائے گا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔
فروری 2021 میں اینٹیلیا کے قریب بارود سے بھری کار ملی تھی۔فروری2021 میں اینٹیلیا کے باہر سے بارود سے بھری ایک ایس یو وی برآمد ہوئی تھی جس میں 20 جیلیٹن کی چھڑیاں اور ایک خط ملا تھا۔
مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی کو خط میں دھمکی دی گئی تھی۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس کے انکاؤنٹر اسپیشلسٹ سچن واجھے کا نام سامنے آیا تھا۔ فی الحال این آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔